کیا ملک میں کرونا کی چوتھی لہر آگئی؟

کراچی میں پچھلے 24 گھنٹوں کے دوران کرونا کیسز کی شرح میں 10.7 فیصد اضافہ ہوا۔

وزیراعظم عمران خان نے کرونا وائرس کی چوتھی لہر کے حوالے سے خبردار کردیا۔ قوم سے خطاب میں کہا کہ بھارتی قسم کا کرونا وائرس بےحد خطرناک ہے۔ کراچی میں پچھلے 24 گھنٹوں کے دوران کرونا کیسز کی شرح میں 10.7 فیصد اضافہ ہوا۔ اسد عمر کہتے ہیں کہ ایس او پیز پر عمل نہ ہوا تو شادی ہالز اور ہوٹلز دوبارہ بند کرنا ہوں گے۔

ملک میں کرونا وبا کی صورتحال پر اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ سب سے بڑا مسئلہ وائرس کی بھارتی قسم بنی ہوئی ہے، یہ وہ وائرس ہے جو بھارت سے مختلف شکل اختیار کرکے دنیا بھر میں پھیل رہا ہے۔ وزیر اعظم نے کرونا وائرس کی چوتھی لہر سے متعلق خدشہ ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ مستقبل میں مزید کیسز سامنے آسکتے ہیں۔ انہوں نے عوام سے ماسک پہننے اور ایس او پیز کا خیال رکھنے کی اپیل کی۔

یہ بھی پڑھیے

کرونا کے خلاف جنگ میں پاکستان کی کامیابی کا عالمی اعتراف

ملک بھر میں کرونا وائرس کے کیسز میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے اعداد و شمار کے مطابق پچھلے 48 گھنٹوں میں کرونا کے 3 ہزار 420 کیسز رپورٹ ہوئے۔ مثبت کیسز کی شرح 3.65 فیصد تک جاپہنچی جبکہ 49 افراد لقمہ اجل بن گئے۔

وفاقی وزیر اور سربراہ این سی او سی اسد عمر کا کہنا ہے کہ کرونا کی چوتھی لہر کی علامات ظاہر ہونا شروع ہوگئی ہیں۔ انہوں نے ملک میں ڈیلٹا  ویرینٹ کے پھیلے کی وجہ ایس او پیز پر عمل نہ کرنے کو قرار دیا۔ انہوں نے ٹوئٹ کہا کہ ایس او پیز پر عمل نہ ہوا تو شادی ہالز اور ہوٹلز دوبارہ بند کرنا ہوں گے۔

پچھلے 3 روز میں ملک بھر میں کرونا کے مثبت کیسز کی شرح میں 3 فیصد اضاضہ ہوا۔ سندھ کے شعبہ صحت کی جانب سے جاری کیے جانے والے اعداد و شمار کے مطابق کراچی میں پچھلے 24 گھنٹوں کے دوران کرونا کیسز کی شرح میں 10.7 فیصد اضافہ ہوا۔

کراچی میں جولائی کے پہلے ہفتے میں 3 ہزار 888 کیسز سامنے آگئے۔ کیسز میں اس قدر اضافہ مستقبل میں پیدا ہونے والی خطرناک صورتحال کی جانب اشارہ ہے۔

متعلقہ تحاریر