عید سے قبل بارشیں، ماہرین نے خبردار کردیا

ماہرین کا کہنا ہے کہ عید پر لوگوں کو کرونا سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کرنا چاہیئے۔

عید قرباں سے قبل موسم نے انگڑائی لے لی۔ کراچی سمیت ملک بھر میں بارشیں شروع ہوگئی ہیں اور یہ سلسلہ عید پر بھی جاری رہے گا۔

پاکستانیوں کو عید سے پہلے بارشوں کا تحفہ مل گیا۔ محکمہ موسمیات نے عید پر کراچی، اسلام آباد، لاہور، راولپنڈی، ملتان اور سرگودھا سمیت ملک کے مختلف حصوں میں تیز بارش کی پیشگوئی کی ہے۔ ملک بھر میں بارشیں شروع ہونے سے شہریوں میں جہاں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے وہیں کچھ لوگ قربانی کے لیے لائے گئے جانوروں کو بارش سے بچانے کی تدابیر کرتے بھی دکھائی دے رہے ہیں۔

کراچی کی بات کریں تو صبح سویرے سے شہر کا موسم نہایت خوشگوار ہے۔ مختلف مقامات پر ہونے والی ہلکی بارش نے موسم تو حسین بنادیا لیکن گلی محلوں میں موجود قربانی کے جانوروں کی وجہ سے گندگی میں اضافہ ہوگیا ہے۔

یہ بھی پڑھیے

بارشوں سے تھر کے باسیوں کے چہرے کھل اٹھے

شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر بارش کا سلسلہ جاری رہا یا مزید بڑھا تو جانوروں کی صحت بھی متاثر ہوسکتی ہے۔

صحت کے شعبے سے وابستہ افراد کا کہنا ہے کہ جانوروں کو ذبح کرنے کے بعد لوگوں کو کرونا وائرس سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کرنا چاہیئے ورنہ کیسز کی شرح میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے۔

ماہرین کے مطابق صحت کے حوالے سے درپیش خطرات سے بچنے اور سڑکوں پر پانی جمع ہونے سے روکنے کے لیے قربانی کے مقام پر موجود خون پر چونا لازمی چھڑکنا چاہیئے۔

متعلقہ تحاریر