سارے شہر کی مشینری اور عملہ لے کر جاؤ اور نسلہ ٹاور گراؤ،چیف جسٹس کا حکم

عمارت گرانے کی کوشش کررہا ہوں،کمشنر کراچی،آپ کوشش چھوڑیں جیل جائیں،چیف جسٹس کا رپورٹ پر سخت اظہاربرہمی

چیف جسٹس سپریم کورٹ جسٹس گلزار احمد نے کمشنر کراچی کی رپورٹ پر  سخت اظہار برہمی  کا اظہار کرتے ہوئےحکم دیا ہے کہ  سارے شہر کی مشینری اور عملہ لے کر جاؤ اور نسلہ ٹاور گراؤ۔

سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں نسلہ ٹاور گرانے سے متعلق کیس کی سماعت میں کمشنر کراچی نے عدالت میں پیش ہو کر بتایا کہ ہم نے نسلہ ٹاور پر آپریشن کردیا ہے۔ چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ  کتنی بلڈنگ گری ہے ،کتنا کام ہوا ہے ہمیں اسکا بتائیں،جھوٹ مت بولیں۔

یہ بھی پڑھیے

کبھی کسی میں ہمت نہیں ہوئی کہ مجھ سے فیصلے کروائے،چیف جسٹس

نسلہ ٹاور کو روایتی طریقے سے گرانے کا عمل شروع

کمشنر کراچی نے عرض کی ۔۔سر میری بات سنیں۔اس پر جسٹس قاضی امین نے ریمارکس دیے کیا آپ اپنے گھر میں کھڑے ہیں ، یہ طریقہ ہے کورٹ سے بات کرنے کا۔ زیادہ اسمارٹ بننے کی کوشش نہ کریں۔ کمشنر کراچی نے کہاسر میں عمارت گرانے کی کوشش کررہا ہوں۔ اس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیے آپ کوشش  چھوڑیں آپ یہاں سے سیدھا جیل جائیں۔

کمشنر کراچی نے کہاکہ سر میں کچھ آپ کو سمجھانے کی کوشش کررہا ہوں۔ جسٹس گلزار نے ریمارکس دیے ہم سمجھ رہے ہیں، آپ نہیں سمجھ رہے، صرف ٹائم پاس کررہے ہیں،چیف جسٹس نے استفسار کیایہ کس گریڈ کا آفیسر ہے،ایڈووکیٹ جنرل سندھ نے عدالت کو بتایا کہ  کمشنر کراچی گریڈ 21 کا افسر ہے۔

جسٹس گلزار احمد نے ریمارکس دیے کیا گریڈ اکیس کے افسر کا یہ طریقہ ہوتا ہے کورٹ میں کھڑے ہو کر بات کرنے کا،جاؤ اور سارے شہر کی مشنری اور اسٹاف لے کر نسلہ ٹاور گراؤ۔چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ  تجوری ہائٹس کو بھی اب تک مسمار نہیں کیا گیا۔

کمشنر کراچی نے عدالت کو بتایا کہ تجوری ہائٹس  مسمار کرنے کا کام جاری ہے۔سپریم کورٹ نے کمشنر کراچی کو ہدایت کی کہ اگر آپریشن چل رہا ہے تو تصاویر کے ساتھ دوپہر تک رپورٹ پیش کریں ۔

Facebook Comments Box