سپریم کورٹ کا حکم، مسابقتی کمیشن کی تیل اور گھی سیکٹر پر دوبارہ انکوائری شروع

سپریم کورٹ نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے مورخہ 14.09.2021 کے فیصلے کو سی سی پی کی اپیل کے حتمی فیصلے تک معطل کر دیا۔

مسابقتی کمیشن آف پاکستان نے سپریم کورٹ کے احکامات پر  خوردنی  تیل  اور گھی سیکٹر میں دوبارہ انکوائری کا آغاز کردیا ۔ گھی اور تیل کی قیمتوں میں من مانے اضافے اور آپس میں گٹھ جوڑ کر کے قیمت طے کرنے والے گھی کارخانوں پر جرمانے کیے جائیں گے۔

 مسابقتی کمیشن آف پاکستان (سی سی پی) سپریم کورٹ کی جانب سے سی سی پی کی خوردنی تیل اور گھی انکوائری کے خلاف اسلام آباد ہائی کور ٹ کے فیصلے کی معطلی کے بعد انکوائری دوبارہ شروع کرے گا۔ سپریم کورٹ نے بمورخہ 22 نومبر 2021 کو اسلام آباد ہائی کورٹ کا فیصلہ معطل کرتے ہوئے سی سی پی کو انکوائری مکمل کرنے کی اجازت دے دی۔

یہ بھی پڑھیے

حکومت کا انقلابی قدم، شوگر انڈسٹری میں ٹریک اینڈ ٹریس نظام کا افتتاح

مالی سال 2022 کیلیے 10 بلین ڈالر سے زائد کا قرضہ لیا جائے گا

30  جولائی 2020 کو سی سی پی نے ویجیٹیبل آئل اور گھی کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافے کا نوٹس لیتے ہوئے کمپٹیشن ایکٹ 2010 کے سیکشن 37 (1) کے تحت سیکشن 3 اور 4 کی بادی النظر میں خلاف ورزیوں کا پتہ لگانے کے لیے انکوائری شروع کی تھی۔ کوکنگ آئل اور گھی کی قیمتوں میں اضافہ غیر معمولی اس لیے تھا کیونکہ پام آئل ، جو کوکنگ آئل اور گھی کی تیاری میں ایک اہم خام مال ہے، کی قیمتوں میں جنوری – مئی 2020 کے دوران بین الاقوامی سطح پر کمی کا رجحان دیکھا گیا۔

انکوائری ٹیم نے انڈسٹری سے معلومات اور متعلقہ ڈیٹا طلب کیا۔ معلومات کی فراہمی میں چند کمپنیوں کی جانب سے عدم تعاون پر کمیشن نے نومبر 2020 میں کمپٹیشن ایکٹ کے سیکشن 36 کے تحت ایک حکم نامہ جاری کیا ۔ تاہم ایک کمپنی ، ڈالڈا، نے سیکشن 36 کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ سے معلومات فراہم کرنے کے حکم کے خلاف حکم امتناعی حاصل کیا۔

بعدازاں اسلام آباد ہائی کورٹ نے 14 ستمبر 2021 کے آرڈر کے ذریعے درخواست گزار کے حق میں فیصلہ دے دیا۔ کمیشن نے اس آرڈر کے خلاف فوری طور پر اپیل دائر کر دی اور کیس کی سماعت 22 نومبر 2021 کو مقرر کی گئی۔

سپریم کورٹ نے سی سی پی کو اپیل کرنے کی اجازت دی تاکہ مختلف اہم قانونی سوالات پر غور کیا جا سکے جو ناقص فیصلے کے سلسلے میں پیدا ہوئے تھے۔ دریں اثنا سپریم کورٹ نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے مورخہ 14.09.2021 کو سنائے گئے فیصلے کی کارروائی کو سی سی پی کی اپیل کے حتمی فیصلے تک معطل کر دیا۔ اس کے مطابق ، سی سی پی گھی اور کوکنگ آئل کی صنعت کے حوالے سے اپنی انکوائری دوبارہ شروع کرے گا۔

یہاں اس بات کا ذکر کرنا بھی اہم ہے کہ 08 جولائی 2021 کو سی سی پی نے پاکستان بناسپتی مینوفیکچررز ایسوسی ایشن (PVMA) کے لاہور، اسلام آباد اور کراچی کے دفاتر کا سرچ انسپیکشن کیا اور اہم دستاویزات اور کمپیوٹر ڈیٹا کو قبضے میں لے لیا تھا۔

Facebook Comments Box