اے ڈی بی دسمبر میں پاکستان کو 600 ملین ڈالر فراہم کرے گا

ایشیائی ترقیاتی بینک کا کہنا ہے پاکستان کو ویکسین کی خریداری کے لیے اضافی مدد فراہم کرنے کے لیے تیار ہیں۔

ایشیائی ترقیاتی بینک آئندہ ماہ کے پہلے ہفتے میں پاکستان کے سماجی تحفظ کے پروگرام کے لیے 600 ملین ڈالر کی منظوری دے گا۔

یہ بات بینک کے وسطی اور مغربی ایشیا کے ڈائریکٹر جنرل یوجینیو زوکوف نے اسلام آباد میں وزیراعظم کے مشیر برائے خزانہ شوکت ترین سے ملاقات کے دوران کہی۔

یہ بھی پڑھیے

ایکسپریس ٹریبیون کی بے بنیاد خبر، اسٹاک مارکیٹ اور روپے کو لے ڈوبی

ڈالر کی پھر اونچی اڑان،اسٹاک مارکیٹ میں مندی،تجارتی خسارہ مزید کم

ایشیائی ترقیاتی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر یونگ یی نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔

یوجینیو زوکوف نے مشیر خزانہ شوکت کو آگاہ کیا کہ ایشیائی ترقیاتی بینک نے ویکسین کی خریداری کے لیے مختص کردہ 80 فیصد فنڈز پہلے ہی فراہم کر دیے ہیں اور ضرورت پڑنے پر اضافی فنڈز فراہم کیے جاسکتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ایشیائی ترقیاتی بینک نے گھریلو وسائل کو بڑھانے کے لیے ایک پروگرام تشکیل دیا ہے جس کے لیے بینک فی الحال تکنیکی مدد فراہم کررہا ہے۔

مشیر خزانہ شوکت ترین نے ویکسین کی خریداری میں پاکستان کو مالی معاونت فراہم کرنے پر ایشیائی ترقیاتی بینک کے ڈائریکٹرز کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت پائیدار اور جامع ترقی کے حصول کے لیے مختلف شعبوں میں اصلاحات متعارف کرانے کے لیے پرعزم ہے۔

متعلقہ تحاریر