جلسہ منسوخ کردیں، نوشہرہ ضلعی انتظامیہ کی پیپلزپارٹی سے درخواست

پولیس اور انتظامیہ وزیر دفاع پرویز خٹک کے کہنے پر رکاوٹیں ڈال رہی ہے، جیالوں نے تیاری شروع کردی ہے، لیاقت شباب

نوشہرہ کی ضلعی انتظامیہ نے مانکی شریف میں چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے جلسہ کو منسوخ کرنے کیلئے لیاقت شباب کو آگاہ کر دیا، کل پارٹی کے جلسے سے بلاول بھٹو زرداری نے خطاب کرنا تھا۔

ضلعی انتظامیہ نے سکیورٹی خدشات کے پیش نظر جلسہ منسوخی کی سفارش پیپلز پارٹی کے ڈویژنل صدر لیاقت شباب کو کر دی۔

یہ بھی پڑھیے

پیپلز پارٹی کا جلسہ ایک، پیغامات دو

جلسہ، کرونا اور حکومت و اپوزیشن کی ہٹ دھرمی

دوسری طرف جیالوں نے جلسہ کی تیاریاں بھی شروع کردی ہیں، مانکی شریف جلسہ میں بلاول بھٹو، پرویز خٹک کے خاندان اور ان کے تمام ساتھیوں کو پیپلز پارٹی میں شامل ہونے پر مبارک باد دیں گے۔

پیپلز پارٹی نوشہرہ نے بلاول بھٹو زرداری کے کل جلسے کے حوالے سے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ ضلعی انتظامیہ کی طرف سے جلسہ کو سبوتاز کرنے کے حکومتی اقدامات مسترد کرتے ہیں۔

ضلعی عہدیدار لیاقت شباب نے کہا کہ پولیس اور انتظامیہ وزیر دفاع پرویز خٹک کے کہنے پر رکاوٹیں ڈال رہی ہے، فول پروف سیکورٹی کے انتظامات کے حوالے سے 12 نومبر کو تحریری طور پر پولیس آگاہ کیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ وزیر دفاع پرویز خٹک نے ڈپٹی کمشنر نوشہرہ کے ذریعہ نوشہرہ میں دفعہ 144 لگوائی ہے، پرویز حٹک نے دفعہ 145 اور 146 بھی لگوا دی ہیں لیکن جلسہ ہر صورت ہوگا۔

لیاقت شباب کا کہنا تھا کہ کل ہونے والے جلسے سے نوشہرہ سے تحریک انصاف کا صفایا ہو جائے گا۔

اس موقع پر سابق ضلع ناظم نوشہرہ محمد داود خٹک نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری نوشہرہ کے عوام کا بھرپور استقبال کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام مہنگائی سے تنگ ہے، عوام کی امیدیں پیپلز پارٹی سے وابستہ ہیں۔

متعلقہ تحاریر