کسی کو مذہبی انتہا پسندی اور انسانی جانوں سے کھیلنے کی اجازت نہیں، شیخ رشید

وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا ہے سری لنکن ہائی کمشنر سے ملاقات کرکے سیالکوٹ واقعے پر اظہار افسوس کریں گے۔

وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان سمیت سیاسی اور عسکری قیادت نے اس بات کا اعادہ کیا ہے کہ پاکستان میں کسی کو مذہبی انتہا پسندی اور انسانی جانوں سے کھیلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید احمد نے ان خیالات کا اظہار اسلام آباد میں ملک کے پہلے پلاسٹک روڈ کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں کیا۔

یہ بھی پڑھیے

سائرہ بانو کا قومی سلامتی کے اجلاس میں غیر سنجیدہ رویہ

پاکستان آرمی ایوی ایشن کا ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ، دو پائلٹ شہید

شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان نے ملکی صورتحال خصوصاً سیالکوٹ واقعے پر سیاسی اور عسکری قیادت سے تبادلہ خیال کیا۔ آرمی چیف، ڈی جی ایم او، ڈی جی آئی ایس آئی، کور کمانڈر خیبرپختونخوا، وزیر اعلی خیبر پختونخوا اور وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے اس بات کا اعادہ کیا ہے کہ پاکستان میں میں کسی کو بھی مذہبی انتہا پسندی اور انسانی جانوں سے کھیلنے نہیں دیا جائے گا۔

وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ پاکستان میں کسی شخص کو اپنا عقیدہ چھوڑنے کے لئے نہیں کہا جائے گا اور نہ کسی کے عقیدے کو چھیڑا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک میں لاقانونیت کو ختم کرنے کے لیے ضروری ہے کہ ملزمان کا فاسٹ ٹرائل ہو، عدالتیں جلد فیصلے کریں اور ان پر عمل درآمد کیا جائے۔

وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ وہ آج سری لنکن ہائی کمشنر سے ملاقات کرکے سیالکوٹ واقعے پر اظہار افسوس کریں گے۔

شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ حکومت نے اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دلایا ہے، آئندہ انتخابات میں ملک کے 70 سے 80 حلقوں کے نتائج میں اوورسیز پاکستانیوں کا بڑا دخل ہوگا۔ مسلم لیگ ن لیگ کے لینن گراڈ لاہور میں انہیں صرف دس فیصد اور پیپلز پارٹی کو سات سے آٹھ فیصد ووٹ مل سکے جب کہ 83 فیصد عوام نے ووٹ ڈالا ہی نہیں یہ سوچنے کی بات ہے۔

متعلقہ تحاریر