بابا گرو نانک کے یوم پیدائش پر سکھ یاتریوں کی آمد

مذہبی ہم آہنگی کو فروغ دینے کے لیے وزارت اطلاعات و نشریات نے گانا بھی جاری کردیا۔

سکھ مذہب کے بانی بابا گرو نانک کی551 ویں یوم پیدائش میں شرکت کے لیے انڈیا سے سکھ یاتری پاکستان پہنچ رہے ہیں۔

مرکزی تقریب 30 نومبرکو پاکستان کے صوبہ پنجاب میں واقع گوردوارہ جنم ستھان ننکانہ صاحب میں ہوگی۔ ننکانہ صاحب صوبہ پنجاب میں لاہور کے قریب واقع ایک شہر ہے۔ یہاں تاریخی گوردوارہ ہے۔ اس کے بارے میں خیال کیا جاتا ہے کہ یہ وہ جگہ ہے جہاں گرونانک پیدا ہوئے تھے۔

واہگہ بارڈرپرمتروکہ وقف املاک بورڈ (ای ٹی پی بی) کے ایڈیشنل سیکریٹری (زیارتیں) طارق وزی، پاکستان سکھ گوردوارہ پربندک کمیٹی (پی ایس جی پی سی) کے صدر ستونت سنگھ اور جنرل سیکریٹری امیر سنگھ ، اور پی ایس جی پی کے سابق صدربشن سنگھ نے سکھ یاتریوں کا واہگہ بارڈر پر خیرمقدم کیا۔

انڈین ہائی کمیشن کے دو ممبران، آر بی سہران اور سنتوش کمار عازمین کی استقبال کے لیے اسلام آباد سے واہگہ پہنچے۔

کرتارپور راہداری
ڈان

سکھ یاتری اپنے 10 روزہ قیام کے دوران صوبے میں دیگر گوردواروں کا بھی دورہ کریں گے۔

مذہبی ہم آہنگی کو فروغ دینے کے لیے وزارت اطلاعات و نشریات نے جمعہ کو ایک گانا بھی جاری کیا۔

گانے کو انڈیا کی سکھ برادری کو کرتارپورتک ویزا فری رسائی دینے کے تناظر میں پیش کیا گیا ہے۔

گانے میں بالی ووڈ کی مشہور شخصیت پونم کور کو دیکھا جاسکتا ہے۔ ویڈیو میں اداکارہ اور ان کے اہلخانہ وزیر اعظم عمران خان سے اظہار تشکر کررہے ہیں۔

ہر سال 2 ہزار سے زائد سکھ یاتری اپنے گرو کی یوم پیدائش کی تقریبات میں حصہ لینے کے لیے پاکستان آتے ہیں۔

پاکستان کے ساتھ مذہبی سیاحت کے معاہدے کے تحت انڈیا سے 3 ہزار سکھ یاتری گوردوارہ ننکانہ صاحب جاسکتے ہیں۔

موجودہ وبائی بیماری کی وجہ سے رواں برس یہ تعداد کم ہوتی دکھائی دے رہی ہے۔ اس سال 600 سے زیادہ سکھ یاتری پاک بھارت سرحد عبور کرچکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیے

سادھو بیلہ کی تاریخی اہمیت

متعلقہ تحاریر