مفتاح اسماعیل کاروباری فائدے کے سوال پر بوکھلاہٹ کا شکار

مفتاح اسماعیل کی کمپنی نے پچھلے 9 ماہ میں دگنے سے زیادہ منافع کمایا۔

پاکستان کی معیشت پر سوال اٹھانے والے مسلم لیگ (ن) کے رہنما مفتاح اسماعیل پریس کانفرنس میں اپنی کمپنی کے منافع کے سوال پر سٹپٹا گئے۔ ویڈیو کلپ وائرل ہونے کے بعد سوشل میڈیا صارفین کوکومو بسکٹ کے حوالے سے میمز شیئر کرنے لگے۔

پاکستان کے سابق وزیر خزانہ اور لیگی رہنما مفتاح اسماعیل اکثر و بیشتر وزیراعظم عمران خان کی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہیں اور ملکی معیشت کی تباہی کے حوالے سے بیانات بھی دیتے رہتے ہیں۔ ان دنوں ملک کی بہتر معاشی صورتحال کی وجہ سے خود ان کے کاروبار کو بھی فائدہ ہورہا ہے لیکن وہ کہیں بھی اس بات کا پرچار نہیں کرتے ہیں۔

مسلم لیگ (ن) کی رہنما مریم اورنگزیب اور مفتاح اسماعیل حالیہ پریس کانفرنس میں صحافیوں کے سوالات کا جواب دے رہے تھے کہ ایک صحافی نے مفتاح اسماعیل سے سوال پوچھا کہ (ن) لیگ کے دور میں آپ کی کمپنی سالانہ 35 کروڑ روپے کے قریب منافع کما رہی تھی مگر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے دور میں آپ کی کمپنی کا منافع دگنے سے بھی زیادہ ہوگیا ہے تو معیشت تباہ کیسے ہوئی؟ مفتاح اسماعیل کے جواب دینے سے پہلے ہی پاس بیٹھی مریم اورنگزیب نے کہا یہ کیسا سوال ہے؟ مفتاح اسماعیل بھی بوکھلا گئے، کچھ سمجھ نہ آیا تو کہا کہ کینڈی لینڈ کے منافع کا ملکی معیشت سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

یہ بھی پڑھیے

مودی حکومت نے معیشت کا دھڑن تختہ کردیا

سوشل میڈیا پر مفتاح اسماعیل کی پریس کانفرنس کے اس ویڈیو کلپ کے وائرل ہونے کے بعد صارفین مزاحیہ پوسٹس اور میمز شیئر کررہے ہیں۔

یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ کرونا کی بدترین صورتحال کے باعث بھارت میں موجود کینڈی لینڈ کے آڈرز پاکستان کی کینڈی لینڈ کو مل گئے جس کے سربراہ مفتاح اسماعیل ہیں۔

واضح رہے کہ کرونا کی لہر کے دوران پاکستان کی معیشت نے ترقی کی منازل طے کیں۔ رواں مالی سال میں پاکستانی معیشت کی شرح نمو میں 3.9 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ اس کے برعکس انڈیا میں کرونا کی ابتر صورتحال اور لاک ڈاؤن کے باعث معاشی شرح نمو میں 7.3 فیصد کمی واقع ہوئی۔

متعلقہ تحاریر