امریکی شہری سنتھیا رچی پراسرار طور پر بےہوش

ولاگر سنتھیا رچی کا کہنا ہے کہ کچھ لوگ فلیٹ پر آکر انہیں دھمکیاں دیں اور نشہ آور چیز کھلائی۔

پاکستان میں مقیم امریکی شہری سنتھیا رچی اسلام آباد میں پراسرار طور پر اپنے گھر میں بیہوش ہوگئیں جس کے بعد انہیں اسپتال منتقل کیا گیا۔ امریکی خاتون کا کہنا ہے کہ انہیں کوئی نشہ آور چیز کھلائی گئی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ولاگر سنتھیا رچی اسلام آباد میں اپنے فلیٹ میں بیہوش پائی گئیں۔ انہیں ہمسایوں نے پولی کلینک اسپتال پہنچایا جہاں ان کا علاج جاری ہے۔ پولیس نے معاملے کی تفتیش شروع کردی ہے۔ اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ سنتھیا رچی کو بیہوشی کی حالت میں اسپتال لایا گیا تھا۔ طبیعت ناساز ہونے پر انہیں آئی سی یو منتقل کیا گیا۔ مبینہ طور پر انہیں کوئی نشہ آور چیز کھلائی گئی ہے۔

ہوش میں آنے کے بعد سنتھیا رچی نے اپنے بیان میں کہا کہ کچھ لوگ ان کے فلیٹ پر آئے اور انہیں دھمکیاں دینے کے بعد نشہ آور چیز کھلا دی جس کے بعد وہ بیہوش ہوگئیں۔

ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ سنتھیا رچی کے معدے سے نکالا گیا مواد ٹیسٹ کے لیے لیبارٹری بھیج دیا گیا ہے۔ ڈاکٹرز کے مطابق سنتھیا رچی کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

دوسری جانب پولیس کا کہنا ہے کہ سنتھیا رچی کا بیان ریکارڈ کرنے کے بعد معاملے کی مختلف پہلوؤں سے تفتیش کی جارہی ہے۔ میڈیکل رپورٹس سامنے آنے کے بعد کارروائی آگے بڑھائی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیے

سنتھیا رچی نے دباؤ میں آکر مفاہمت کا راستہ اپنایا

سنتھیا رچی 2010 سے پاکستان میں مقیم ہیں۔ وہ گزشتہ سال پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنماؤں پر زیادتی کے الزامات کے بعد شہ سرخیوں کا حصہ بنیں۔ سنتھیا رچی نے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی، رحمان ملک اور مخدوم شہاب الدین پر انہیں ہراساں کرنے کا الزام لگایا تھا۔ الزامات کے بعد رحمان ملک اور سنتھیا رچی عدالتوں میں بھی ایک دوسرے کے خلاف گئے بعدازاں دونوں میں صلح ہوگئی۔

سنتھیا رچی نے پاکستان کی مثبت تصویر پیش کرنے کے لیے پشاور میں سائیکل اور رکشہ چلاتے ہوئے اپنی تصاویر سوشل میڈیا پر پوسٹ کی تھیں۔

متعلقہ تحاریر