شہباز گل نے اقلیتوں کے تہواروں کی پی ٹی وی پر کوریج کی حمایت کردی

سوشل میڈیا صارفین نے پی ٹی وی انتظامیہ پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ رواداری کا ثبوت دیتے ہوئے اقلیتوں کو کوریج دیں۔

وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور شہباز گل نے پاکستان ٹیلی ویژن (پی ٹی وی) پر اقلیتوں کے تہواروں کی کوریج کی حمایت کردی ہے۔ 

ہندو کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے کیپل دیو نے کہنا ہے کہ جیسے دیگر چینل دیوالی کے حوالے سے مختلف پروگرامز اور رپورٹ پیش کرتے ہیں ہم چاہتے ہیں کہ پی ٹی وی بطور سرکاری ٹی وی ہمارے مسائل اور ایکٹیویٹیز کو پیش کرے۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر وفاقی وزیر فواد چوہدری کے نام پیغام شیئر کرتے ہوئے کیپل دیو نے لکھا ہے کہ "عزیزم فواد چوہدری صاحب! پی ٹی وی ایک سرکاری چینل ہے، لیکن اقلیتوں کے مسائل کے حوالے سے ہماری کوئی کوریج نہیں کی جاتی ہے۔ کیا اس مرتبہ آپ پی ٹی وی انتظامیہ سے "دیوالی” کے لیے شو ریکارڈ کرنے کو کہیں گے؟

یہ بھی پڑھیے

شہباز گل نے نواز شریف کو پاکستان مخالف پروپیگنڈے کا کردار قرار دے دیا

انگلینڈ نے آسٹریلیا کو 8 وکٹوں سے پچھاڑ دیا

انہوں نے مزید لکھا ہے کہ "میں آپ جیسے ترقی پسند شخصیت سے مثبت جواب کی توقع کررہا ہوں۔”

کیپل دیو کے ٹوئٹ پر ردعمل دیتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور شہباز گل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹ کا سہارا لیتے ہوئے فواد چوہدری کو ٹیگ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ "یہ ایک اچھی تجویز ہے۔”

ٹوئٹر کے ایک صارف امین انصاری نے کیپل دیو کی حمایت کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ” میں کیپل دیو کی تجویز کی مکمل حمایت کرتا ہوں۔ ہمیں تمام مذاہب کے ساتھ یکساں سلوک کرنا چاہیے۔ ہمیں ریاستی سطح پر بھی اس بات کی حمایت کرنی چاہیے۔ شکریہ۔”

نوازش علی نامی ٹوئٹر صارف نے بھی کیپل دیو کی تائید کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ” کیوں نہیں، پی ٹی وی کو خیر سگالی، رواداری اور بین المذاہب ہم آہنگی کے اظہار کے طور پر اقلیتی تہواروں کو نشر کرنے میں پیش پیش رہنا چاہیے۔ ہندوؤں، سکھوں، عیسائیوں اور دیگر تمام اقلیتوں کے تہواروں کو مناسب اور بہترین کوریج دی جانی چاہیے۔”

متعلقہ تحاریر