پاکستان کی ویسٹ انڈیز کے خلاف فتح، پہلے ٹیسٹ کا حساب چُکتا

قومی ٹیم کے فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی 10 وکٹیں لے کر مین آف دی میچ قرار پائے ہیں۔

کنگسٹن ٹیسٹ میں پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو 109 رنز سے شکست دے کر پہلے ٹیسٹ میچ میں ہار کا بدلہ چکا دیا ہے۔ میچ کی دونوں اننگز میں 10 وکٹیں لے کر پاکستانی فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی مین آف دی میچ اور مین آف دی سیریز قرار پائے ہیں۔

ویسٹ انڈیز کے شہر جمیکا میں کھیلے جارہے دوسرے ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے دوسری اننگز میں کیریبئن ٹیم کو جیت کے لیے 329 رنز کا ہدف دیا تھا۔ ہدف کے تعاقب میں ویسٹ انڈیز کی ساری ٹیم 219 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی، اس طرح پاکستان نے 109 رنز کے واضح فرق سے کامیابی سمیٹ لی ہے۔

یہ بھی پڑھیے

پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان دوسرا ٹیسٹ میچ آخری مرحلے میں داخل

پاکستان نے اپنی دوسری اننگز 176 رنز 6 کھلاڑی آؤٹ پر ڈیکلیئر کردی تھی۔ پاکستانی بلے باز فواد عالم نے وکٹ کے چاروں جانب شاندار اسٹورکس لگائے اور ناقابل شکست 124 رنز کی اننگز کھیلی۔ دیگر کھلاڑیوں میں عمران بٹ نے 37، عابد علی نے 32، اظہر علی نے 22، بابر اعظم نے 33، حسن علی نے 17 جبکہ فہیم اشرف نے 9 رنز بنائے تھے۔ محمد رضوان 10 بنا کر ناٹ آؤٹ رہے تھے۔

ویسٹ انڈیز کو شکست دینے میں اہم کردار ادا کرنے والے فاسٹ باؤلر شاہین کی تصویر کو آئی سی سی نے اپنے کور پیج جگہ دی ہے۔

ویسٹ انڈیز نے میچ کے آخری روز اپنی ادھوری اننگز 49 رنز ایک کھلاڑی آؤٹ پر شروع کی۔ میچ جب شروع ہوا تو ویسٹ انڈین کپتان کریگ بریتھ 17 رنز اور الزاری 8 رنز پر کھیل رہے تھے۔ الزاری 9 رنز کا اضافہ کرکے 17 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ کریگ بریتھ بھی 39 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ نکروما بونز 2 رنز پر ڈھیر ہو گئے۔ روسٹن چیز بغیر کھاتا کھولے واپس لوٹ گئے۔ جرمین بلیک ووڈ 25 رنز پر ہمت ہار گئے۔ کائل میئر 32 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ جیسن ہولڈر نے 47 رنز کی اننگز کھیلی مگر وہ پاکستانی باؤلر کے سامنے بالآخر ڈھیر ہو گئے۔ کیمروچ نے 7 رنز بنائے جبکہ جوشوا ڈی سلوا 15 رنز بنا پائے۔

پہلی اننگز میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم نے پاکستان کے 302 رنز کے جواب میں 150 رنز اسکور کیا تھا۔ پہلی اننگز میں فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی نے 6 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا جبکہ محمد عباس نے 3 اور فہیم اشرف نے ایک وکٹ حاصل کی تھی۔

قومی ٹیم کے فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی نے پہلے میچ میں ویسٹ انڈیز کے خلاف 8 وکٹیں حاصل کی تھیں جبکہ دوسرے ٹیسٹ میں 10 وکٹیں اپنے نام کی تھیں، اس طرح انہوں نے دونوں میچز میں بہترین باؤلنگ کرتے ہوئے مجموعی طور پر 18 وکٹیں حاصل کیں اور مین آف دی میچ اور مین آف دی سیریز قرار پائے ہیں۔

ویسٹ انڈیز کو شکست دے کر پاکستان نے 2001 میں کیریبئن سائیڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز نہ ہارنے کے اپنے ریکارڈ کو دہرایا ہے۔

یہ دوسرا موقع ہے جب کسی ٹیم نے پہلی اننگز میں 2 رنز پر کم از کم 3 وکٹیں گنوانے کے بعد ٹیسٹ میچ جیتا ہو۔ اس سے قبل یہ کارنامہ پاکستان نے 2006 میں انڈیا کے خلاف کراچی ٹیسٹ میں انجام دیا تھا۔

متعلقہ تحاریر