بھارت کے خلاف تاریخ ساز فتح ، دنیا بھر سے مبارکباد کے پیغامات

پاکستان کی تاریخ ساز فتح پر دنیا بھر سے معروف شخصیات نے پاکستان ٹیم اور قوم کو مبارکباد پیش کی ہے

روایتی حریف بھارت کے خلاف پاکستان کی تاریخی ساز فتح پر کھلاڑیوں نے جہاں ناقدین کا منہ بند کردیا ہے وہیں شوبز انڈسٹری سمیت بین الاقومی شہرت کے حامل کھلاڑیوں اور زندگی کے دیگر شعبہ جات سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شاندار فتح پر مبارکباد پیش کی ہے۔

دنیا کرکٹ میں جادوگر کالقب پانے والے سابق آسٹریلوی لیگ اسپنر شین وارن نے پاکستان کی شاندار فتح پر سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹرپراپنے پیغام میں مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان نے بھارت کے خلاف شاندار پرفارمنس کا مظاہرہ کیا، شاندار جیت کے بعد پاکستان میری فیورٹ ٹیم ہے، انھوں نے پاکستان کے کپتان بابر اعظم کی تعریف کرتےہوئے کہا کہ بابر اعظم نے بطور بیٹسمین اپنی شہرت میں مزید اضافہ کیا ہے۔

پاکستان کی فتح پر رومانیہ کے معروف گلوکار "اڈریان سینا” نے پاکستان کی فتح پر اپنے ٹوئٹر پیغام پر پاکستان کو مبارکباد دی، پاکستان میں صومالیہ کی سفارتکار خدیجہ محمد المخزومی نے بھی ٹیم کو مبارکباد دینے کے لیے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر کا سہارا لیا۔

انھوں نے پاکستانی ٹیم اور پوری پاکستانی قوم کو عظیم فتح پر مبارکباد دی ۔ پاکستانی گلوکار فرحان سعید نے بھی قوم کو مبارکباد یتے ہوئے کہا کہ بھارت کے خلاف پاکستان کی فتح بے عیب اور غیر معمولی تھی پاکستانی کرکٹ ٹیم نے سرفخر سے بلند کردیا ہے۔ معروف اداکارہ ماہرہ خان نے بھی پاکستان کی شاندار فتح پر  پاکستانی کھلاڑیوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ دل فخر سے لبریز ہے۔

بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان کپل دیو نے بھی پاکستانی ٹیم کی تایخ ساز فتح پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان ٹیم نے میچ کو یکطرفہ بنا دیا، جتنی تعریف کی جائے کم ہے۔ پاکستان کی ٹیم نے ثابت کردیا کہ وہ ایک خطرناک ٹیم ہے اور کسی بھی وقت دنیا کی کسی بھی ٹیم کو شکست دے سکتی ہے۔

بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کھلاڑی محمد کیف نے بابراعظم اور محمد رضوان کی بیٹنگ کی زبردست تعریف کرتے ہوئے کہا کہ بابراعظم اور رضوان نے جو بیٹنگ کی اُس کی ویڈیو بناکر بار بار بچوں کو دکھانا چاہیے، دونوں اوپنرز نے جو اننگ کھیلی وہ ایک یادگار اور مکمل کرکٹ تھی۔

پاکستان کی شاندار فتح پر بھارتی کھلاڑی بھی تعریف کرنے پر مجبور ہوگئے، میچ سے دو روز قبل سابق بھارتی ٹیسٹ کرکٹرہربھجن سنگھ کا کہنا تھا کہ بھارتی ٹیم آسانی سے جیت جائے گی، پاکستان کو میچ کھیلنے کی ضرورت کیا ہے لیکن مقابلے کے بعد اُنہوں نے پاکستان خاص طور پر شاہین شاہ آفریدی کی بولنگ پر تعریفوں کے پُل باندھ دیے

ویسٹ انڈیز کے معروف کھلاڑی ڈیرن سیمی نے بھی پاکستان کی شاندار فتح پر اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پرکہا کہ  ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے پہلے میچ میں بھارت کے خلاف بہترین کھیل کھیلا، پوری ٹیم نے ایک مشن کی طرح کھیلا۔

متعلقہ تحاریر