مودی، خرم پرویز کو چھوڑ دو، گلوکار راجر واٹرز کا بھارتی وزیراعظم کو پیغام

انسانی حقوق کے رہنما خرم پرویز ایک مہینے سے بھارتی حکام کی قید میں ہیں، پنک فلائیڈ بینڈ کے گلوکار نے مودی سے ان کی رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔

انسانی حقوق کی تنظیموں کی جانب سے کشمیر میں انسانی حقوق کے سرگرم رہنما خرم پرویز کی رہائی کے لیے اٹھنے والی آوازوں میں ایک مشہور برطانوی گلوکار کی آواز بھی شامل ہوگئی ہے۔

مشہور زمانہ راک موسیقی بینڈ پنک فلائیڈ کی بنیاد رکھنے والے راجر واٹرز نے بھارتی وزیراعظم نریندرا مودی سے خرم پروز کی رہائی کا مطالبہ کیا ہے، انہوں نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ مودی، خرم کو چھوڑ دو۔

یہ پہلا موقع نہیں کہ واٹرز نے بھارتی حکومت کو مخاطب کیا ہو، فروری 2020 میں پاکستانی وزیراعظم عمران خان نے ویڈیو شیئر کی تھی جس میں راجرز نے بھارتی حکومت کی جانب سے متعارف کروائی گئی شہریت کے قانون کی متنازع شق کے خلاف بات کی تھی۔

یہ بھی پڑھیے

کشمیر میں انسانی حقوق کیلیے سرگرم خرم پرویز تاحال زیرحراست

سرینگر: حقوِقِ انسانی کے سرگرم کشمیری کارکن ’خرم پرویز گرفتار

ٹوئٹر پر انسانی حقوق کی متعدد تنظیموں کی جانب سے بھارتی حکومت پر دباؤ ڈالا گیا کہ خرم پرویز کو فوری رہا کیا جائے کیونکہ وہ ایک مہینے سے بھارتی حکام کی حراست میں ہیں۔

یہ مہم ابتدائی طور پر غیر قانونی گمشدگیوں کے خلاف کمر بستہ ایشین فیڈریشن کی جانب سے 21 اور 22 دسمبر کو شروع کی گئی تھی جس کے بعد کئی دیگر تنظیموں نے بھی اس مہم میں حصہ لیا۔

برطانیہ کے 28 پارلیمنٹرینز نے بھی بھارتی ہائی کمشنر کو انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور خرم پرویز کی غیر قانونی حراست کے حوالے سے تشویش ظاہر کرتے ہوئے خط لکھا تھا۔

یاد رہے کہ خرم پرویز کو 22 نومبر 2021 کو سرینگر میں واقع ان کی رہائشگاہ پر چھاپہ مار کر گرفتار کیا گیا تھا، بھارت کی نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی نے یہ چھاپہ مارا تھا۔

این آئی اے کی جیل میں ایک مہینہ گزارنے کے بعد دہلی کی عدالت نے خرم کی حراست میں مزید توسیع کردی ہے۔

متعلقہ تحاریر