وزیراعظم عدالتی کمیشن کی سمری سپریم کورٹ کو بھیجے بغیر بیرون ملک روانہ
شہباز شریف نے ہفتے کے روز لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اعلان کیا تھا کہ عمران خان پر حملے کی تحقیقات کے لیے چیف جسٹس کی سربراہی میں جوڈیشل کمیشن تشکیل دیا جائے گا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے لاہور میں ہفتے کے روز پریس کانفرنس کرتے ہوئے اعلان کیا کہ وہ لانگ مارچ کے دوران عمران خان پر حملے کی تحقیقات کے لیے چیف جسٹس سپریم کورٹ کی سربراہی میں جوڈیشل کمیشن دے رہے ہیں ، جس پر چیئرمین پی ٹی آئی نے وزیراعظم کے اعلان کو خوش آئند قرار دیا ، تاہم اب شہباز شریف مصر روانہ ہو گئے ہیں اور جوڈیشل کمیشن کی سمری کہیں راستے میں گم ہو گئی ہے۔
ہفتے کے روز لاہور میں وفاقی وزراء کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف نے اعلان کیا تھا وہ تحریک انصاف کے لانگ مارچ میں عمران خان پر حملے کی صاف اور شفاف تحقیقات کے لیے چیف جسٹس سپریم کورٹ کی سربراہی میں جوڈیشل کمیشن تشکیل دے رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیے
سینیٹر اعظم سواتی کی ایک مبینہ ننگی ویڈیو نے پورے نظام کو ننگا کردیا
حساس ادارے کے خلاف تقریر کرنے پر پی ٹی آئی کراچی کے مقامی رہنما گرفتار
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ وہ فل کورٹ کمیشن کی تشکیل کے لیے جلد ایک خط چیف جسٹس کے نام لکھیں گے۔
ان کا کہنا تھا میرے علم میں یہ بات بھی آئی ہے کہ مرحوم صحافی ارشد شریف کی والدہ نے موجودہ قائم کردہ کمیشن پر تحفظات کا اظہار کیا ہے اس یہ سپریم کورٹ کا کمیشن ارشد شریف کے قتل کی تحقیقات بھی کرے گا۔
اتوار کے روز شوکت خانم اسپتال میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سابق وزیراعظم اور چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا کہ وہ شہباز شریف کے جوڈیشل کمیشن بنانے کے اعلان کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ سپریم کورٹ کا جوڈیشل کمیشن اعظم سواتی کی مبینہ ویڈیو اور ارشد شریف کے قتل کیس کی تحقیقات بھی کرے۔
ان کا کہنا تھا پوری قوم اس وقت سپریم کورٹ کی جانب دیکھ رہی ہے۔ اس وقت ملک میں انصاف کے نظام کی ساکھ داؤ پر لگی ہوئی ہے ، حالت یہ ہے کہ ملک کا سابق وزیراعظم اپنے اوپر ہونے والے حملے کی ایف آئی آر درج کرانے سے قاصر ہے۔
واضح رہے کہ ہفتے کے روز وزیراعظم شہباز شریف نے جوڈیشل کمیشن تشکیل دینے کے لیے چیف جسٹس کو خط لکھنے کا عندیہ دیا تھا مگر اگلے ہی روز یعنی اتوار کو کوپ-27 کانفرنس میں شرکت کے لیے مصر روانہ ہوگئے۔
نیوز 360 کے ذرائع نے بتایا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے پریس کانفرنس میں جوڈیشل کمیشن تشکیل دینے کا اعلان کیا تھا مگر اس حوالے سے کوئی سمری وغیرہ متعلقہ وزارت کو نہیں بھیجی گئی ہے۔