پاکستان بحریہ کا جہاز نصر شام میں امدادی مشن مکمل کرنے کے بعد ترکیہ پہنچ گیا

پاک بحریہ کے بحری جہازوں کا جاری امدادی اور ریلیف مشن حکومت پاکستان کی ہدایات کے مطابق شام اور ترکیہ کی عوام کو ہر ممکن مدد کی فراہمی کے لیے پاک بحریہ کے عزم کا مظہر ہے۔

اسلام آباد: انسانی ہمدردی اور ڈیزاسٹر ریلیف کے بین الاقوامی مشن پر تعینات پاک بحریہ کا جہاز پی این ایس نصر شام میں امدادی مشن مکمل کرنے کے بعد ترکیہ کی بندرگاہ مرسن پہنچ گیا۔

ترجمان پاکستان نیوی کے مطابق جہاز پر موجود تقریباً 200 ٹن امدادی سامان زلزلہ متاثرین میں تقسیم کے لیے ترک حکام کے حوالے کیا جائے گا۔ امدادی سامان کی دوسری کھیپ 23 مارچ کو پاکستان نیوی کے جہاز پی این ایس معاون پر مرسن پہنچنے گی۔

یہ بھی پڑھیے

چمن میں آپریشن کے دوران گولہ بارود کا بڑا ذخیرہ برآمد، آئی ایس پی آر

چیف آف دی نیول اسٹاف انٹرنیشنل سیلنگ ریگاٹا 2023 کی اختتامی تقریب

مرسن بندرگاہ آمد پر مرسن کے گورنر، ترک حکومتی نمائندوں، ترکیہ میں تعینات پاکستان کے سفیر اور ترک بحریہ کے حکام نے پاک بحریہ کے جہاز کااستقبال کیا۔

پی این ایس نصر پر ملاقاتوں کے دوران مشن کمانڈر نے چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی اور پاکستانی عوام کی جانب سے تُرک حکام سے تعزیت کا اظہار کیا اور ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی۔

قبل ازیں، 13 تا 19 مارچ تک شام کی بندرگاہ الطاکیہ میں قیام کے دوران پی این ایس نصر نے خیموں، کمبل، گرم کپڑے، راشن، ادویات اور جنریٹرز پر مشتمل امدادی سامان کی بڑی کھیپ شامی حکام کے حوالے کی۔

مشن کمانڈر نے کمانڈر سیرین نیول فورسز اینڈ کوسٹل ڈیفنس میجر جنرل محسن عیسیٰ سے شامی نیول ہیڈ کوارٹرز میں ملاقات کی ، جس میں بحری تعاون اور زلزلہ متاثرین کی بحالی کے لیے جاری اقدامات سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا۔

مشن کمانڈر اور جہاز کے کمانڈنگ آفیسر نے کراس شپ وزٹ، راشن کی تقسیم اور مقامی اسکول کے دورے پر مشتمل مختلف سماجی اور امدادی سرگرمیوں میں بھی حصہ لیا۔

پاک بحریہ کی میڈیکل ٹیموں نے میڈیکل کیمپ کے قیام سے مقامی ڈسپنسری کو طبی امداد کی فراہمی میں معاونت کی۔مقامی سکولوں کے بچوں نے بھی پی این ایس نصر کا دورہ کیا اور افسران اور جوانوں سے ملاقات کی۔ شامی حکومت اور عوام نے امدادی سامان کی فراہمی پر حکومت ِپاکستان کی کوششوں کو بے حد سراہا۔

پاک بحریہ کے بحری جہازوں کا جاری امدادی اور ریلیف مشن حکومت پاکستان کی ہدایات کے مطابق شام اور ترکیہ کی عوام کو ہر ممکن مدد کی فراہمی کے لیے پاک بحریہ کے عزم کا مظہر ہے۔

متعلقہ تحاریر