پاکستان کا قیام یقیناً 20ویں صدی کا ایک عظیم معجزہ ہے، 23 مارچ پر وزیراعظم کا پیغام

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ آئیے آج کے دن ہم خود احتسابی کریں تا کہ ہم اپنی غلطیوں اور کوتاہیوں کا ازالہ کر سکیں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے یوم پاکستان کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ھے کہ 23 مارچ ہماری قومی تاریخ کا ایک ایسا عہد ساز دن ہے جو ہمیں اپنے ماضی کی یاد دلاتا ہے، ہمیں اپنے موجودہ حالات پر غور و فکر کرنے کی دعوت دیتا ہے اور ایک خوشحال مستقبل کی تعمیر کی تحریک دیتا ہے۔

ان خیالات کا اظہار وزیراعظم شہباز شریف 23 مارچ کے موقع کیا ہے ۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ دن عہد  کی تجدید کا دن بھی ہے۔ یہ دن ہمیں 1940 میں واپس لے جاتا ہے جب برصغیر کے مسلمانوں نے ایک علیحدہ وطن کے قیام کی قرارداد منظور کی تھی جسے وہ قائداعظم محمد علی جناح کی متحرک قیادت میں اپنا وطن کہہ سکیں ۔ علامہ محمد اقبال کا آزادی کا خواب مسلمانوں کے مطالبات اور علیحدہ وطن کی امنگوں کی نمائندگی کرنے والی قرارداد کی صورت میں ظاہر ہوا۔

یہ بھی پڑھیے

ڈائریکٹوریٹ جنرل آف اسپیشل ایجوکیشن کے زیراہتمام گولڈن جوبلی تقریب کا اہتمام

چیئرمین این ڈی ایم اے کی وزیر اعظم کو ترکیہ و شام زلزلے کی امدادی کارروائیوں پر بریفنگ

وزیراعظم نے کہا کہ قائداعظم کی قیادت میں بر صغیر کے مسلمانوں کی سات سالوں کی تاریخ ساز جدو جہد  نے اقبال کے خواب کو حقیقت میں بدلا۔ پاکستان کا قیام یقیناً 20ویں صدی کا ایک معجزہ ہے۔ ہمارے پچھلے پچھتر سالوں کے سفر نے ہمیں جنگوں سے نبردآزما ہوتے اور قدرتی آفات سمیت بہت سے بحرانوں سے لڑتے دیکھا ہے۔ کئی مواقع ایسے آئے ہیں جب ہم نے مشکلات پر قابو پالیا اور کئی سنگ میل حاصل کئے۔

شہباز شریف نے کہا ہے کہ عالمی برادری کے رکن کی حیثیت سے پاکستان نے انسانیت کو درپیش مسائل کے حل اور عالمی امن کے قیام میں ایک ذمہ دار قوم کا کردار ادا کیا ہے۔آج جب ہم یوم پاکستان منا رہے ہیں اور اپنے بانیوں کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کر رہے ہیں، تو ہمیں ان چیلنجوں کو نظر انداز نہیں کرنا چاہیے جو ہمارے سامنے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ آج ہمیں سیاسی و معاشی عدم استحکام کا سامنا ہے۔ پاکستان سیاسی اور آئینی جدوجہد کے نتیجے میں معرض وجود میں آیا تھا اور اس کا مستقبل آئین پر اس کی روح کے مطابق عمل کرنے میں مضمر ہے۔

انہوں نے کہا کہ مجھے اس میں کوئی شک نہیں کہ پاکستان کا مقدر عظیم کامیابیاں اور بلندیاں حاصل کرنا ہے۔ تاہم اس کے حقیقت بننے کے لیے ہمیں اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرنا ہوگا، اپنے آپ کو قومی مقصد سے آراستہ کرنا ہوگا اور اپنے اسلاف کی میراث کے مطابق جدوجہد کرنے کا عزم کرنا ہوگا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ آئیے آج کے دن ہم خود احتسابی کریں تا کہ ہم اپنی غلطیوں اور کوتاہیوں کا ازالہ کر سکیں۔ جو قومیں جو اپنے ماضی کا تجزیہ کرنے، اپنی غلطیوں سے سبق سیکھنے اور اصلاح کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں وہی حقیقی کامیابی حاصل کر سکتی ہیں۔

متعلقہ تحاریر