شمالی وزیرستان میں سیکورٹی کا سرچ آپریشن، 2 دہشتگرد ہلاک، 2 جوان شہید
ترجمان آئی ایس پی آر کے مطابق مارے گئے دہشت گردوں کے تھکانے سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا ہے۔
خیبرپختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان میں پاک فوج کے جوانوں اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے دو جوان شہید ہو گئے ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، فائرنگ کا تبادلہ ہفتے کے روز اس وقت ہوا جب سیکورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات کی بنا پر دہشتگردوں کے ٹھکانے پر چھاپہ مار کارروائی کی۔
یہ بھی پڑھیے
سی ٹی ڈی کی پنجاب کے مختلف شہروں میں کارروائیاں، 12 مبینہ دہشتگرد گرفتار
جنوبی وزیرستان میں سیکورٹی فورسز کی کارروائی، 6 دہشتگرد ہلاک
ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق چھاپے کے دوران دہشتگردوں اور سیکورٹی فورسز کے درمیان فائرنگ کا شدید تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں 2 دہشتگرد ہلاک جبکہ 2 زخمی ہوگئے۔
ترجمان آئی ایس پی آر کے مطابق مارے گئے مارے گئے دہشت گردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے۔
تاہم فائرنگ کے شدید تبادلے کے دوران ضلع خوشاب کے رہائشی 38 سالہ نائیک ظہیر عباس اور ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کے رہائشی 23 سالہ لانس نائیک معراج الدین نے بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔
ترجمان آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں پائے جانے والے دیگر دہشت گردوں کو ختم کرنے کے لیے علاقے میں آپریشن کلین اپ جاری رہے گا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ ‘پاکستان کی مسلح افواج دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں اور ہمارے بہادر جوانوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں’۔