ملک بھر میں سیلاب کی تباہ کاریاں جاری، مزید 119 افراد جاں بحق ، 71 سے زائد زخمی

این ڈی ایم اے کی تازہ ترین رپورٹ کے مطابق سیلاب سے ملک بھر میں ہلاکتوں کی تعداد 1 ہزار 33 ہوگئی ہے جبکہ 1527 زخمی ہیں۔

سوات اور نوشہرہ میں تباہی کے بعد سیلابی ریلے پنجاب میں داخل ، میانوالی میں سیلاب کا خدشہ ، گزشتہ 24 گھنٹوں میں سیلابی ریلے مزید 119 افراد کی زندگیاں نگل گیا جبکہ 71 سے زائد زخمی ہو گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق سوات اور نوشہرہ سے ہوتا ہوا سیلابی ریلا پنجاب میں داخل ہوگیا ہے۔ میانوالی میں سیلاب کے خدشے کے پیش نذر انتظامیہ نے شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کردی ہے جبکہ ریسکیو آپریشن کے لیے تیاری مکمل کرلی گئی ہیں۔

یہ بھی پڑھیے

الخدمت فاؤنڈیشن نے سیلاب زدگان کی بے مثال خدمت سے دل جیت لیے

چارسدہ میں سیلابی ریلا شہر میں داخل ہوگیا ہے ، متعدد آبادیاں پانی میں ڈوب گئی ہیں ، گھروں میں کئی کئی فٹ پانی داخل ہوگیا ہے۔

دریائے سندھ پر بنے جناح بیراج سے آج کسی بھی وقت 7 لاکھ کیوسک کا سیلابی ریلا گزر سکتا ہے ، سیلاب سے 47 موضع جات متاثر ہو سکتے ہیں ، انتظامیہ نے لوگوں کو محفوظ مقامات کی جانب نقل مکانی کی ہدایت کی ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں میں سیلاب مزید 119 افراد کی زندگیاں نگل گیا ہے اس طرح ہلاکتوں کی تعداد 1 ہزار 33 ہوگئی ہے ، جبکہ زخمیوں کی تعداد بڑھ کر ایک ہزار پانچ سو ستائس ہو گئی ہے۔

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 83 ہزار مویشی بھی جان چلے گئے ہیں۔

این ڈی ایم اے کی تازہ ترین رپورٹ کے مطابق اب تک مجموعی طور پر ساڑھے نو لاکھ مکانات کو نقصان پہنچا ہے۔

حکام کے مطابق اب تک 3 ہزار 451 کلومیٹر سڑکوں اور 149 پلوں کو نقصان پہنچا ہے۔ سیلاب سے 110 اضلاع میں 57 لاکھ 73 ہزار افراد متاثر ہوئے ہیں۔

دوسری جانب موٹروے ایم ون کو برہان انٹرچینج سے پشاور تک سیلاب کے خدشے کے پیش نذر بند کردیا ہے۔ قومی شاہراہ پر آزاخیل اور نوشہرہ کے درمیان سیلاب کا خدشہ ہے ۔

موٹروے پولیس کا الرٹ جاری

موٹروے پولیس نے سیلاب کے خدشے کے پیش نذر الرٹ جاری کردیا ہے ۔ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں مسافروں سے سفر سے گریز کرنے کی ہدایت جاری کی ہیں۔ موٹروے پولیس حکام کا کہنا ہے کہ سفر کرنے سے پہلے موٹروے پولیس ہیلپ لائن سے معلومات حاصل کرلیں۔

ادھر بولان کے علاقے مچھ میں مکان کی چھت گرنے سے 4 خواتین سمیت 5 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں۔ کوئٹہ کے نواحی علاقے ولی تنگی میں ڈیم ٹوٹنے کی افواہ پر لوگوں میں خوف و ہراس پایا جاتا ہے۔

متعلقہ تحاریر