ڈار کی پالیسیاں تباہی کے دہانے پر لے آئیں، ڈالر263 اور سونا 2 لاکھ روپے تولہ

وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی پالیسیاں ملک کی معاشی بدحالی کا باعث بننے لگی ہیں، ناکام حکمت عملی کی وجہ سے ایک ڈالر 263 روپے تک جا پہنچا جبکہ حصص بازار بھی شدید مندی کا شکار ہے، پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار فی تولہ سونا 2 لاکھ روپے سے تجاوز کرگیا

وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈارکی پالیسیوں نے ملکی معیشت کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا ہے۔اسٹاک مارکیٹ میں مندی جبکہ روپے کے مقابلے ڈالر اور فی تولہ سونا ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ چکی ہے ۔

سال رواں کے ماہ جنوری کے آخری کاروباری ہفتے کے آخری روز پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں شدید مندی دیکھی گئی جبکہ روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قیمت مزید بڑھ گئی ۔سونا کی قیمت بھی آسمان پر پہنچ گئی ۔

یہ بھی پڑھیے

آئی ایم ایف نے پاکستان کو جی ڈی پی اور مالیاتی آمدن کے لحاظ سے بدترین ملک قرار دے دیا

وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی پالیسیاں ملک کی معاشی بدحالی کا باعث بننے لگی ہیں۔ انٹربینک کرنسی مارکیٹ میں ایک ڈالر 262 روپے 60 پیسے جبکہ اوپن مارکیٹ میں 269 روپے کی سطح پر پہنچ گیا ہے ۔

اسٹیٹ بینک کے اعداد و شمار کے مطابق انٹربینک کرنسی مارکیٹ میں جمعہ کے روز ڈالر مجموعی طور پر7 روپے 17 پیسے مہنگا ہوا اور کاروبار کے اختتام پر ڈالر 262 روپے 60 پیسے پر بند ہوا۔

فاریکس ایسوسی ایشن کے مطابق اوپن مارکیٹ بھی ڈالر کی قدر بے قابو رہی۔ اوپن مارکیٹ میں روپے کے مقابلے میں ایک ڈالر کی قدر مزید 7 روپے بڑھنے کے بعد 269 روپے کا ہوگیا ہے۔

دوسری جانب پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس ) میں  شدید مندی کا رجحان دیکھا گیا ہے۔ حصص بازار کا 100 انڈیکس 396 پوائنٹس کی کمی سے 40 ہزار 450 کی سطح پر بند ہوا ۔

اسٹاک مارکیٹ میں مجموعی طور پر 333 کمپنیوں کے حصص کا لین دین ہوا، جن میں سے 76 کے بھاؤ میں اضافہ اور 238 میں خسارہ جبکہ 19 کمپنیوں کی قیمتوں میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی۔

اتحادی حکومت کی ناکام معاشی پالیسیوں نے سونے بھی عوام کی پہنچ سے انتہائی دور کردیا ہے۔ سونے کی بیوپاریوں کے مطابق   آج فی تولہ سونا ملکی تاریخ سب سے بلند ترین سطح پر پہنچ گیا ہے ۔

صرافہ بازار ایسوسی ایشن کے مطابق پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار فی تولہ سونا 2 لاکھ روپے سے تجاوز کرگیا۔فی تولہ سونا 7000 روپے  اضافے سے 2 لاکھ 2 ہزار 500 روپے کا ہوگیا ہے۔

متعلقہ تحاریر