ٹویوٹا انڈس موٹرز نے ایک ماہ میں دوسری مرتبہ گاڑیاں مہنگی کردیں
کمپنی نے روپے کی گرتی قدر اور غیر یقینی معاشی صورتحال کو جواز بناکر مختلف برانڈز کی گاڑیوں کی قیمت میں 2لاکھ60ہزار روپے سے 11لاکھ60ہزار روپے تک اضافہ کردیا
پاکستان میں ٹویوٹا گاڑیاں اسمبل اور فروخت کرنے والی انڈس موٹرز کمپنی( آئی ایم سی ) نے ڈالر کے مقابلے میں روپے کی گرتی قدر کو جواز بناتے ہوئے رواں ماہ دوسری مرتبہ اپنی گاڑیوں کی قیمتوں میں اضافہ کردیا ہے ۔
جمعے کو ڈیلرز کو بھیجے گئے ایک نوٹیفکیشن میں کمپنی نے اپنی گاڑیوں کی قیمتوں میں 11لاکھ 60 ہزار روپے تک اضافے کی اطلاع دی ہے۔اس سے قبل 12 جنوری کو بھی کمپنی نے اپنی تمام گاڑیوں کی قیمتوں میں 2لاکھ80ہزار روپے سے 12لاکھ 10 ہزار روپے تک اضافہ کیا تھا۔
یہ بھی پڑھیے
حکومت نے عوام پر پیٹرول بم گرا دیا، پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 35 روپے فی لیٹر اضافہ
ہنڈا اٹلس کارز لمیٹڈ نے گاڑیاں 3 سے 5.5لاکھ روپے تک مہنگی کردیں
نئے اعلامیے میں کہا گیا ہےکہ نئی قیمتوں کا اطلاق 12 جنوری 2023 کے بعد بک کیے گئے تمام آرڈرز پر ہوگا۔ ٹویوٹا کے ایک بااختیار کار ڈیلر نے کہا کہ جن صارفین نے 11 جنوری سے پہلے مکمل ادائیگی کر دی ہے انہیں سابقہ نرخوں پر کاریں فراہم کی جائیں گی۔
Toyota Pakistan increased prices again. pic.twitter.com/KtkK8maeq6
— Sanaullah Khan (@SanaullahDawn) January 28, 2023
کمپنی نے ایک بیان میں کہاہے کہ ”معاشی غیر یقینی کی صورتحال اور ڈالر کے مقابلے روپے کی قدر میں انتہائی اتار چڑھاؤ نے کمپنی کی پیداواری لاگت کو بری طرح متاثر کیا ہے“۔
آئی ایم سی نے مزید کہاکہ ”اس صورتحال نے کمپنی کے لیے موجودہ خوردہ فروخت کی قیمتوں کو برقرار رکھنا انتہائی مشکل بنا دیا ہے اور اس وجہ سے ہم مارکیٹ پر کچھ بوجھ ڈالنے پر مجبور ہیں ، قیمتوں میں اضافہ تبدیلی سے مشروط ہے اور ڈیلیوری کے وقت رائج قیمتیں تمام آرڈرز پر لاگو ہوں گی“۔
کمپنی کے جاری کردہ نئے نرخ نامے کے مطابق کرولا 1.6 CVT کی قیمت 3لاکھ 80ہزار روپے اضافے کے بعد 53لاکھ 69ہزار روپے سے بڑھا کر 57لاکھ 49 ہزار روپے کر دی گئی ہے۔ کرولا 1.8 CVT کی قیمت 4لاکھ30ہزارروپے اضافے کے بعد اب60لاکھ 70 ہزار روپےہوگئی ہے ۔
قیمتوں میں سب سے زیادہ اضافہ ٹویوٹافارچیونر کی قیمتوں میں کیا گیا ہے۔ فارچیونر ڈیزل لیجنڈر کی قیمت میں11لاکھ60ہزار روپے اضافے کے بعد اب ایک کروڑ 70لاکھ 69ہزار روپے ہوگئی ہے ۔
ٹویوٹایارس 1.3 MT کی قیمت میں 2لاکھ 60ہزار روپے کا اضافہ دیکھا گیاجس کی قیمت 38لاکھ 19ہزار روپے سے بڑھ کر 40لاکھ 79 ہزار روپے ہو گئی ہے جبکہ ٹویوٹا یار 1.5س CVT 3لاکھ20روپے اضافے کے بعد اب 49لاکھ 29 ہزار روپے میں دستیاب ہے۔