اسحاق ڈار کے کھوکھلے دعوے: ڈالر 273 کا ہوگیا، اسٹاک میں اربوں کا نقصان
ڈالر کو 200 روپے سے نیچے لانے کے دعوے دار اسحاق ڈار کی ناکام معاشی حکمت عملی نے ڈالر کو 273 روپے کی سطح پر پہنچا دیا جبکہ آج اسٹاک مارکیٹ میں 579 پوائنٹس کی کمی سے سرمایہ کاروں کو اربوں روپے کا نقصان ہوا اور سونا روز تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچنے کا ریکارڈ قائم کرنے لگا ہے
وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈارکے ڈالر کی قیمت کو200 روپے سے نیچے لانے کے دعوے مکمل طور پر کھوکھلے ثابت ہوگئے۔ کرنسی مارکیٹ میں ایک ڈالر 273 روپے تک جا پہنچا ہے ۔
اسحاق ڈار نے وفاقی وزیر خزانہ کا حلف اٹھاتے ہی دعویٰ کیا تھا کہ ڈالر کی قدر 200 سے کم ہے اوراسے جلد نیچے لائیں گے تاہم ان کا یہ دعویٰ مکمل کھوکھلا ثابت ہوچکا ہے ۔
یہ بھی پڑھیے
پاکستان عالمی اقتصادی سست روی کا شکار ہے یا اصل داستاں کچھ اور ؟
رواں سال کے پہلے ماہ جنوری کے پانچویں کاروباری ہفتے کے آغاز پر اوپن مارکیٹ میں امریکی ڈالر پاکستانی روپے کو روندتے ہوئے 273 روپے تک جا پہنچا ہے۔
ماہ جنوری کے آخری کاروباری ہفتے کے دوران انٹر بینک میں ایک ڈالر تقریباً 270 روپے کا ہوگیا ہے جبکہ اوپن کرنسی مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قدر بے قابو رہی ہے ۔
اسٹیٹ بینک پاکستان کے اعداد شمار کے مطابق انٹر بینک میں ایک ڈالر 7 روپے 3 پیسے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیاہے جس کے بعد ایک ڈالر 269 روپے 97 پیسے کا ہوگیا ہے ۔
Interbank closing #ExchangeRate for todayhttps://t.co/0oJFZSWYth pic.twitter.com/tmmktgx7A2
— SBP (@StateBank_Pak) January 30, 2023
فاریکس ایسوسی ایشن کے مطابق اوپن مارکیٹ میں بھی ڈالر بے لگام رہا۔ وپن کرنسی مارکیٹ میں ایک ڈالر مزید4 روپے اضافے سے273 روپے کی سطح پر موجود ہے ۔
گزشتہ تین روز کے دوران انٹر بینک کرنسی مارکیٹ میں 39 روپے کا اضافہ ہوچکا ہے جبکہ اوپن مارکیٹ میں تین سیشن کے دوران ڈالر 33 روپے مہنگا ہوا ہے ۔
دوسری جانب پاکستان اسٹاک ایکسچینج بھی آج شدید ترین دباؤ کا شکار نظر آئی ۔پہلے کاروباری روز کے دوران حصص بازار میں 579 پوائنٹس کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے ۔
اتحادی حکومت کے وزیر خزانہ کی ناکام حکمت عملی کی وجہ سے پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں عدم اعتماد دیکھنے میں نظر آیا جس کی وجہ سے مارکیٹ میں مندی چھائی رہی ۔
پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں بدترین مندی کا سماں رہا۔ حصص بازار کا100 انڈیکس 579 پوائنٹس کمی 40 ہزار کی نفسیاتی سطح سے نیچے آکر 39 ہزار 871 پر بند ہوا ہے ۔
معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ ملک میں معاشی، سیاسی عدم استحکام مارکیٹ کو بدترین سطح پر لے جائے گا جبکہ امن و امان کی بگڑتی صورتحال جلتی پر تیل کا کام کرے گی ۔
صرافہ بازار میں غیرمستحکم معاشی و سیاسی حالات اور ڈالر کی قیمتوں میں اضافے کا فرق پڑ رہا ہے جس کے باعث سونے کی قدر روز بروز ایک نیا ریکارڈ قائم کررہی ہے ۔
صرافہ ایسوسی ایشن کے مطابق فی تولہ سونا 1500 روپے کا اضافے 2 لاکھ 10 ہزار 500 جبکہ 10 گرام سونا 1286 روپے مہنگا ہوکر ایک لاکھ 80 ہزار 470 روپے ہے۔