رواں مالی کی پہلی ششماہی میں ترسیلات زر میں 11.1 فیصد کمی ریکارڈ، رپورٹ
وزارت خزانہ کی جانب سے جاری ہونے والی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ برآمدات میں 6.8 فیصد کی کمی ہوئی، درآمدات میں 18.2 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی۔
رواں مالی سال کی پہلی ششماہی بدترین معاشی صورت حال پیش کرنے لگی، خسارہ بے قابو، زرمبادلہ کے ذخائر میں کمی اور صنعتیں تباہ حالی کا منظر پیش کرنے لگیں۔
وزارت خزانہ نے ماہانہ معاشی آوٹ لک رپورٹ جاری کردی، رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال کے چھ ماہ میں ترسیلات زر، برآمدات میں کمی ہوئی ہے جبکہ بیرونی سرمایہ کاری اور روپے کی قدر میں کمی دیکھنے میں آئی ہے۔
یہ بھی پڑھیے
کرپشن پرسیپشن انڈیکس میں پاکستان 140ویں نمبر پر برقرار
آئی ایم ایف سے مذاکرات کے بعد روپیہ مضبوط اور حصص بازار میں تیزی
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مالی ذخائر میں کمی سمیت پی ایس ڈی پی اخراجات میں بھی کمی ہوئی ، چھ ماہ میں ترسیلات زر 11.1 فیصد کم ہوئیں جبکہ برآمدات میں 6.8 فیصد کی کمی ہوئی، درآمدات میں 18.2 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ کرنٹ اکاؤنٹ خسارے میں 59.7 فیصد کمی ہوئی، بیرونی سرمایہ کاری میں بھی 180.6 فیصد کی کمی ہوئی، ایف بی ار کے محصولات میں 17.4 فیصد کا اضافہ ہوا،نان ٹیکس آمدنی میں 58.4 فیصد کا اضافہ ہوا۔
رپورٹ کے مطابق مالیاتی خسارے میں 218 ارب روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، بنیادی خسارہ 511 ارب روپے رہا۔
رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ مہنگائی کی شرح چھ ماہ میں 25 فیصد تک رہی، لارج اسکیل مینوفیکچرنگ میں چھ ماہ میں 3.6 فیصد کی کمی ریکارڈ، اسٹیٹ بینک ذخائر 15 ارب ڈالر سے کم ہوکر 3 ارب 8 کروڑ ڈالر تک رہ گئے۔