اسٹاک مارکیٹ میں مندی، ڈالر اور سونے کے بھاؤ مزید بڑھ گئے

پاکستان اسٹاک ایکسچینج کا 100انڈیکس 53 پوائنٹس کمی سے 40 ہزار 619 پر بند ہوا جبکہ کرنسی مارکیٹ میں روپے کے مقابلے میں ڈالر کا بھاؤ بڑھ گیا، صرافہ بازار میں بھی مہنگائی کے بدل چھائے رہے

کاروباری ہفتے کے دوسرے روز پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں مندی کا رجحان رہا جبکہ کرنسی مارکیٹ میں ڈالر اور صرافہ بازار میں سونے کی قیمتوں میں اضافے کا رجحان دیکھا گیا ۔

روا ں کاروباری ہفتے کا دوسرا روز اسٹاک ایکسچینج کے سرمایہ کاروں کے لیے بھاری ثابت ہوا جبکہ کرنسی مارکیٹ میں ڈالر اور صرافہ بازار میں سونے کی قیمت مزید بڑھ گئی ہے ۔

یہ بھی پڑھیے

اسحاق ڈار مہنگائی کی شرح کو 50 سال کی بلند ترین سطح پر لے آئے

وفاقی حکومت کی جانب سے 25 جنوری امریکی ڈالر پر عائد کی گئی سرکاری حد کا خاتمہ کیا گیا تو انٹر بینک اور اوپن مارکیٹ میں روپیہ مسلسل گراوٹ  کا شکار نظر آرہا  ہے ۔

اسٹیٹ بینک پاکستان کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق آج انٹر بینک میں روپے کے مقابلے میں ڈالر 94 پیسے مہنگا ہوا جس کے بعد ڈالر کا بھاؤ  268 روپے 83 پیسے رہا۔

یاد رہے کہ ڈالر سے کیپ ہٹنے کے بعد 25 جنوری سے روپے کی قدر میں مجموعی طور پر 38 روپے، یا 14.1 فیصد کی کمی واقع ہوئی جبکہ ایک ڈالر231 روپےکی سطح   پر تھا ۔

دوسری جانب پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں معمولی مندی کا رجحان دیکھا گیا۔ آج حصص بازار کا 100 انڈیکس 53 پوائنٹس کی کمی سے 40 ہزار 619 پر بند ہوا ۔

گزشتہ روز پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں تیزی کا رجحان دیکھا گیا تھا۔ 100انڈیکس 801 پوائنٹس اضافے سے 40 ہزار کی نفسیاتی سطح عبور کرتے ہوئے  40 ہزار 673 پر بند ہواتھا۔

عالمی صرافہ بازار میں سونے کی قیمتوں میں اضافے کا اثر مقامی صرافہ بازار بھی پڑا ہے۔ بین الاقوامی صرافہ مارکیٹ میں فی اونس سونا 27 ڈالر اضافے سے 1929 ڈالر کا ہوگیا ۔

بین الاقوامی مارکیٹ میں  سونے کی قدر بڑھنے سے مقامی مارکیٹ میں بھی سونا کی قیمتوں میں ردوبدل میں آیا اور ایک  تولہ سونا کی قیمت 3 ہزار 500 بڑھ گئی ہے ۔

آج فی تولہ سونا 3 ہزار 500 مہنگا ہونے کے بعد 2 لاکھ 5 ہزار روپے کا ہوگیا جبکہ 10 گرام کی3 ہزار کے اضافے سے ایک لاکھ 75 ہزار 754 روپے کی سطح پر پہنچ گئی۔

متعلقہ تحاریر