اسٹاک مارکیٹ میں بدترین مندی، ڈالر اور سونا تاریخ کی بلند ترین سطح پر آگئے
پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں 262 پوائنٹس کی کمی نے سرمایہ کاروں کو پریشانی میں مبتلا کردیا جبکہ انٹر بینک میں ڈالر 5 روپے 22 پیسے جبکہ اوپن مارکیٹ میں 7 روپے 50 پیسے اضافے سے 283 کا ہوگیا دوسری جانب سونا 2 لاکھ 8 ہزار 500 روپے فی تولہ ہوگی
کاروباری ہفتے کے آخری روز پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں مندی کے بادل چھائے رہے جبکہ کرنسی مارکیٹ میں روپیہ گراوٹ کا شکار رہا اور صرافہ بازار میں سونے کی قیمتیں بھی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہیں۔
رواں کاروباری ہفتے کا آخری روز معیشت پر بھاری گزرا۔ اسٹاک ایکسچینج میں مندی کا رجحان رہا جبکہ کرنسی مارکیٹ میں روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قدر مزید بڑھی جبکہ سونے کی قیمتوں اضافہ بھی ہوا ۔
یہ بھی پڑھیے
آج انٹربینک میں کاروبار کا آغاز ہوتے ہی ڈالر کی قدر میں بے انتہا اضافہ ہوا اور ڈالر 278 روپے کی سطح تک پہنچا تاہم اختتامی لمحات میں روپے کی قدر میں معمولی اضافہ دیکھا گیا ۔
اسٹیٹ بینک کے اعداد و شمار کے مطابق آج انٹر بینک کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں 5 روپے 22 پیسے کا اضافہ ہوا جس کے بعد ایک ڈالر 276 روپے 58 پیسے کا ہوگیا ہے ۔
Interbank closing #ExchangeRate for todayhttps://t.co/22WDdOJ0oq pic.twitter.com/tgYeO2B6hC
— SBP (@StateBank_Pak) February 3, 2023
فاریکس ایسوسی ایشن کے مطابق اوپن مارکیٹ میں بھی ڈالر مہنگا ہوا۔ اوپن مارکیٹ میں ایک ڈالر7 روپے 50 پیسے اضافے سے 283 روپے کا ہوگیا ہے ۔
یاد رہے کہ ایک ہفتے کے دوران انٹربینک میں ڈالر کی قیمت تقریباً 14 روپے اضافہ ہوا جبکہ اسحاق ڈار کی آمد کے بعد اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت 50 روپے تک بڑھی ہے ۔
دوسری جانب پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں بھی مندی کے بادل چھائے رہے۔ روپے کی قدر میں مزید کمی کی وجہ سے حصص بازار کے100 انڈیکس صفر اعشاریہ 64 فیصد کمی ہوئی ۔
پاکستان اسٹاک ایکسچینج کا 100 انڈیکس 262 پوائنٹس کمی سے 40 ہزار 471 پر بند ہوا۔ کمزور معاشی اشاروں نے سرمایہ کاروں کے شدید متاثر کیا اور مارکیٹ میں منفی رجحان کو جنم دیا۔
ملکی کرنسی کی قدر میں روز بروز کمی کی وجہ سے صرافہ مارکیٹ میں بھی اثرات پڑرہے ہیں جس کی وجہ سے سونے کی قیمتوں میں اضافے کا رجحان دیکھا جا رہا ہے ۔
صرافہ بازار ایسوسی ایشن کے اعداد و شمار کے مطابق آج سونے کی فی تولہ قیمت میں 1300 کا اضافہ ہوا جس کے بعد ایک تولہ سونا 2 لاکھ 8 ہزار 500 روپے کا ہوگیا۔
صرافہ بازار کے بیوپاریوں کے مطابق 10 گرام سونے کی قیمت میں ایک ہزار114 روپے اضافہ ہونے کے قیمت ایک لاکھ 78 ہزار 755 روپے ہوگئی۔