ملکی معیشت کی بہتری کیلئے چارٹر آف اکانومی پر اتفاق وقت کی ضرورت ہے، ایف پی سی سی آئی

صدر فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری عرفان شیخ کا کہنا ہے کہ ملک کے تمام تجارتی ادارے پاکستان کی اقتصادی اور تجارتی ترقی کے حوالے سے مل کر کام کریں گے تو مسائل حل ہوں گے۔

اسلام آباد: عرفان اقبال شیخ صدر فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) نے کہا ہے کہ چارٹر آف اکانومی پر اتفاق وقت کی ضرورت ہے کیونکہ ملکی معیشت کی بہتری کا واحد راستہ صنعتوں کو فروغ دینا ہے۔سیاسی جماعتیں معیشت کو سیاست کی بھینٹ نہ چڑھائیں۔ ملکی معیشت کا دارومدار تاجر برادری کی تجارت پر ہے۔چھوٹے تاجر ملکی معیشت میں اپنا اہم کردار ادا کرنے کے ساتھ ساتھ سب سے زیادہ روزگار فراہم کر رہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایف پی سی سی آئی کے نائب صدر عمر مسعود الرحمن کے ہمراہ گزشتہ روز صدر آئی سی ایس ٹی ایس آئی کے صدر سجاد سرور کی دعوت پر اسلام آباد چیمبر آف سمال ٹریڈرز اینڈ سمال انڈسٹری کے دورے کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

یہ بھی پڑھیے

برطانوی ایئرلائن ورجن اٹلانٹک کا پاکستان کیلئے پروازیں بند کرنے کا اعلان

پاکستان بزنس کونسل نے معیشت کی بحالی کے لیے حکومت کو مفید تجاویز پیش کردیں

سمال چیمبرز کے ممبران نے ایف پی سی سی آئی کے صدر کو چھوٹے تاجروں کو درپیش مسائل کے بارے میں بریفنگ دی اور ایف پی سی سی آئی سے اپیل کی کہ وہ چھوٹے تاجروں کے مسائل حکومت کے ساتھ اٹھائے۔اسلام آباد سمال چیمبر کے عہدیداران و ممبران نے ایف پی سی سی آئی عہدیداران پر اپنے مکمل اعتماد کا اظہار بھی کیا۔

ایف پی سی سی آئی کے صدر نے آئی سی ایس ٹی ایس آئی کے ممبران کی شکایات سنیں اور کہا کہ اسلام آباد کی تاجر برادری کے مسائل وہی ہیں جو ملک کے دیگر حصوں کے تاجروں کو درپیش ہیں۔ تاجر برادری کی شکایات کو دور کرنے میں مدد کرنا فیڈریشن کی ذمہ داری ہے اور اسلام آباد کے تاجروں کے مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ صنعت کو فروغ دیئے بغیر پاکستان کی معیشت بحال نہیں ہو سکتی۔ پاکستان کی آبادی میں سالانہ 50 لاکھ افراد کا اضافہ ہو رہا تھا جس کے لیے روزگار کے مزید مواقع اور دیگر سہولیات کی بھی ضرورت تھی۔

ایف پی سی سی آئی کے صدر عرفان اقبال شیخ نے مزید کہا کہ ملک کے تمام تجارتی ادارے پاکستان کی اقتصادی اور تجارتی ترقی کے حوالے سے مل کر کام کریں گے۔پاکستان کی معیشت کو بہتر بنانے کے لیے قلیل مدتی اور طویل المدتی پالیسیاں بنانا ہوں گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حالات میں چارٹر آف اکانومی وقت کی اہم ضرورت بن چکی ہے۔ تمام سیاسی جماعتوں کو اس پر سنجیدگی سے عملدرآمد کرنا ہوگا اور ایف پی سی سی آئی اور ملک کی تمام ٹریڈ باڈیز اس سلسلے میں اپنا بھرپور کردار ادا کر رہا ہے۔

عمر مسعود الرحمان نائب صدر ایف پی سی سی آئی نے مزید کہا کہ ملک کی موجودہ معاشی صورتحال انتہائی تشویشناک ہے۔ مہنگائی بڑھ رہی ہے، ملکی زرمبادلہ کے ذخائر ملکی تاریخ کی کم ترین سطح پر ہیں۔ پٹرول، بجلی اور گیس کی قیمتیں آسمان کو چھو رہی ہیں اور دن بدن اضافہ ہو رہا ہے۔ صنعتیں اور کارخانے بند ہو رہے ہیں۔ کاروباری شعبہ تباہ ہو چکا ہے۔ ہر پاکستانی کو ملک کی ترقی کے لیے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔

اس موقع پر سجاد سرورصدر ICSTSI، ملک عارف، صدر سکردو چیمبر، طارق محمود کھوکھر، سینئر نائب صدر ICSTSI، شیخ داد، نائب صدر، قاضی الیاس، چیئرمین فانڈر گروپ، سیدہ واجدہ سلیم، نائب صدر ثاقب عباسی، سابق صدر رانا ایاز اور دیگر بھی موجود تھے۔ سابق صدر طاہر آرائیں، سابق سینئر نائب صدر امجد عباسی، سابق سینئر نائب صدر عقیل عباسی، سابق نائب صدر اور ایگزیکٹو ممبر عمران سکھیرا، شیر محمد خان، رضوان الرحمن صدیقی، اویس ستی، ساجد اقبال، راجہ عبدالرحمن اس موقع پر مجید، اسامہ طاہر، قاضی شاکر، ممبران ICSTSI نے بھی خطاب کیا۔

متعلقہ تحاریر