جنوری 2023 میں گاڑیوں کی فروخت سالانہ بنیاد پر 47فیصد کمی ریکارڈ

ماہرین نے  بنیادی طور پر کار کی قیمتوں میں اضافے، مہنگی آٹو فنانسنگ اور صارفین کی کم قوت خرید  کو گاڑیوں کی فروخت میں کمی کی بڑی وجہ قرار دیا ہے۔

گزشتہ سال کے مقابلے میں جنوری2023 میں گاڑیوں کی فروخت میں 47فیصد کمی دیکھنے میں آئی ہے جبکہ رواں مالی سال کے 7 ماہ میں گاڑیوں کی فروخٹ 39 فیصد تک گرگئی۔

ٹاپ لائن سیکیورٹیز کے تجزیہ کاروں نے کہاہے کہ پاکستان میں ماہانہ بنیاد پر کاروں کی فروخت (بشمول  غیرپاما کمپنیز کی گاڑیوں کی فروخت ) 37 فیصد کم ہو کر 11ہزار500 یونٹس تک گرگئی  ہے  جس کی وجہ  بنیادی طور پر پاک سوزوکی  موٹر کمپنی  کودرپیش ایل سیز کےمسائل کےباعث سی کے ڈی پارٹس کی عدم دستیابی  ہے، جس کی وجہ سے کمپنی کو پیداوار روکنا پڑی ہے۔

یہ بھی پڑھیے

سوزوکی کا گاڑیاں مہنگی کرنے کے ساتھ پیداوار 5 دن کیلیے معطل کرنیکا اعلان

انڈس موٹر کے بعد ہنڈا اٹلس نے بھی مہینے میں دوسری بار گاڑٖیاں مہنگی کردیں

جنوری 2023سالانہ بنیاد پرگاڑیوں کی فروخت میں 47 فیصد   کمی  کے نتیجے میں طلب  کی کمزور حرکیات پھر سے واضح ہوئی جو کہ رواں مالی سال کے 7 ماہ میں پیداوار کی کمی کو 39فیصد تک لے گئی ہے  ۔

ماہرین نے  بنیادی طور پر کار کی قیمتوں میں اضافے، مہنگی آٹو فنانسنگ اور صارفین کی کم قوت خرید  کو گاڑیوں کی فروخت میں کمی کی بڑی وجہ قرار دیا ہے۔

پاک سوزوکی موٹر کمپنی  کی فروخت جنوری میں ماہانہ بنیاد پر 74فیصد جبکہ سالانہ بنیاد پر 67 فیصد  کی کمی سے   2946 یونٹس رہیں جو کہ اپریل 2020 کے بعد سب سے کم فروخت ہے جب کمپنی کرونا وبا کی وجہ سے کوئی گاڑی فروخت نہیں کرسکی تھی ۔

پاک سوزوکی موٹر کمپنی کے برعکس جنوری 2023میں  ہنڈا اٹلس  کمپنی نے ماہانہ بنیاد پر 30فیصد اضافے سے 2704یونٹس   فروخت کیے جبکہ انڈس موٹرز نے26 فیصد  اضافے کے ساتھ 3570یونٹس فروخت کیے۔

جنوری 2023 میں ہنڈائی کی فروخت میں ماہانہ بنیاد پر81   فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا ہے جس میں ٹوسان کی فروخت 69فیصد اضافے سے 620 یونٹس جبکہ سوناٹا کی فروخت 241فیصد اضافے سے191 یونٹس تک بڑھ گئی۔

ٹریکٹرز کی بات کی جائے تو ملت ٹریکٹرز نے ماہانہ بنیاد پر فروخت میں 4گنا اضافہ کرتے ہوئے 2203یونٹس فروخت کیے جس کےبعد الغازی ٹریکٹرز نے جنوری 2023 میں ماہانہ بنیاد پر 2 گنااضافے کے ساتھ  1203 یونٹس فروخت کیے۔

تاہم اس اضافے کے باوجود مالی سال 2023 کے 7ماہ میں ٹریکٹرز کی مجموعی فروخت 53 فیصد کمی کے ساتھ  14ہزار 919 یونٹس  رہی  جس کی وجہ  سیلاب، پلانٹس کی  بندش، صارفین کی کم قوت خرید اور زیادہ قیمتوں  کو قرار دیا جارہا ہے۔

جنوری-2023 میں پاکستان میں بائیک کی فروخت میں 5 فیصد اضافہ ہوا جبکہ سالانہ بنیاد پر  29 فیصد کمی دیکھنے میں آئی ۔ اٹلس ہنڈا  نےماہانہ بنیاد پر 6 فیصد اضافے اور سالانہ بنیاد پر 25فیصد کمی کے ساتھ  90 ہزار  یونٹس  فروخت  کیے ہیں ۔

جنوری 2023میں ٹرکوں اور بسوں کی فروخت ماہانہ بنیاد پر 64فیصد اضافے جبکہ سالانہ بنیاد پر 40فیصد کمی کے ساتھ 470یونٹس رہ گئی۔یوں مالی سال 2023کے 7ماہ میں میں بسوں اور ٹرکوں کی فروخت 37فیصدکم ہوکر 2417یونٹس رہ گئی جس کی وجہ نقل وحمل کی سرگرمیوں میں کمی اور مجموعی معاشی سست روی کو قرار دیا جارہا ہے ۔

متعلقہ تحاریر