ملک کے دیگر شہروں کی نسبت کراچی کے شہری سب سے مہنگا آٹا خریدنے پر مجبور
وفاقی ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے کے دوران 20 کلو گرام آٹے کا تھیلا 300 روپے اضافے کے ساتھ 2900 روپے کا ہوگیا۔
ملک بھر میں آٹے کے دام مسلسل بڑھنے لگے، اہلیان کراچی ملک میں سب سے مہنگا آٹا خریدنے پر مجبور ہوگئے۔
پاکستان ادارہ شماریات کے مطابق ایک ہفتے میں آٹے کی قیمتوں میں بڑا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے اور ایک ہفتہ میں آٹے کا 20 کلو کا تھیلا 300 روپے تک مہنگا ہو گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیے
روپے کی قدر میں کمی، موٹرسائیکلیں 5سے 25 ہزار روپے تک مہنگی
چینی بینک نے پاکستان کیلئے1.3 بلین ڈالر کے قرضے کی منظوری دے دی، وزیر خزانہ کا دعویٰ
وفاقی ادارہ شماریات نے مختلف شہروں میں آٹے کی قیمتیں جاری کردیں ہیں۔ کراچی میں آٹے کے 20 کلو تھیلے کی قیمت 2900 روپے تک پہنچ گئی۔
رپورٹ کے مطابق کراچی کے شہری ملک میں سب سے مہنگا آٹا خریدنے پر مجبور ہیں۔ حالیہ ہفتے میں کراچی میں 20 کلو آٹے کی قیمت میں 300 روپے تک اضافہ ہوا۔
وفاقی ادارہ شماریات کی رپورت کے مطابق سکھر میں آٹے کے تھیلے کی قیمت میں 140 روپے تک اضافہ ہوا اور خضدار میں آٹے کے 20 کلو تھیلے کی قیمت 2720 روپے تک پہنچ گئی ہے۔
پاکستان بیورو آف اسٹیٹکس کے مطابق کوئٹہ میں آٹے کے تھیلے کی قیمت 2650، بنوں 2550، سکھر میں 2520 روپے ہے، گوجرانوالہ میں آٹے کا تھیلا 2533، پشاور 2450، اور ملتان میں 2320 میں دستیاب ہے۔
ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق حیدرآباد میں 20 کلو آٹے کی قیمت 1960 روپے تک ہے۔ جڑواں شہروں اسلا آباد اور راولپنڈی سمیت لاہور، سیالکوٹ، فیصل آباد، سرگودھا، بہاولپور میں سرکاری آٹے کی 20 کلو آٹے کی قیمت 1295 روپے ہے۔
وفاقی ادارہ شماریات کے مطابق اوپن مارکیٹ میں یہی آٹا 2550 سے 2730 روپے تک فروخت ہو رہا ہے۔