مالی سال کے 7 ماہ میں بڑی صنعتوں کی پیداوار 4.4فیصد گرگئی
دسمبر کے مقابلے میں جنوری کے مہینے میں لارج اسکیل مینوفیکچرنگ میں ڈیڑھ فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا ہے
مالی سال 23-2022 کے 7 ماہ کے دوران بڑی صنعتوں کی پیداوار گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 4.4فیصد گرگئی۔
تاہم دسمبر کے مقابلے میں جنوری کے مہینے میں لارج اسکیل مینوفیکچرنگ میں ڈیڑھ فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
یہ بھی پڑھیے
غیر مستحکم سیاسی صورتحال کے منفی اثرات؛ اسٹاک میں مندی، ڈالر اور سونا مہنگا
آئی ایم ایف کا کڑی شرائط منوانے کے بعد بھی پاکستان سے ڈومور کا مطالبہ
ادارہ شماریات پاکستان کے اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ پروویژنل کوانٹم انڈیکس نمبرز (کیو آئی ایم) کے مطابق جنوری 2022 کے مقابلے میں جنوری 2023 کے لیے بڑی صنعتوں کی پیداوار میں 7.9 فیصد کمی ہوئی اور دسمبر 2022 کے مقابلے میں 1.48 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
بڑی صنعتو ں کے کوانٹم انڈیکس نمبر کا تخمینہ جولائی تا جنوری 23-2022 کے لیے 115.45 لگایا گیا تھا جبکہ جنوری 2023 کے لیے اس کا تخمینہ 126.85 لگایا گیا تھا۔
پی بی ایس کی طرف سے 16-2015 کے بنیادی سال کے ساتھ جاری کردہ لارج اسکیل مینوفیکچرنگ کے اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ پیداوار میں 4.40 فیصد کی مجموعی کمی میں خوراک کا منفی0.32 ، تمباکومنفی 0.55، ٹیکسٹائل منفی 2.71، گارمنٹس 3.81، پیٹرولیم مصنوعات منفی 0.69 ، سیمنٹ منفی0.86، دواسازی منفی 1.22 اور آٹوموبائل کا منفی 1.55فیصد حصہ رہا ہے۔