رمضان سے قبل مہنگائی کا جن آزاد، کراچی کے شہری سب سے مہنگا آٹا خریدنے پر مجبور

وفاقی ادارہ شماریات کی جانب سے جاری اعدادوشمار کے مطابق کراچی کے شہری 20 کلو آٹے کا تھیلا 3100 روپے تک میں خریدنے پر مجبور ہیں۔

رمضان سے پہلے ہی ملک میں آٹے کی قیمتوں کے سارے ریکارڈ ٹوٹ گئے، کراچی کے عوام ملک بھر میں سب سے مہنگا آٹا خریدنے پر مجبور ہوگئے۔

رمضان المبارک کا چاند ابھی نظر نہیں آیا لیکن مہنگائی کا چاند پوری آب و تاب سے نکل آیا ہے اور ملکی تاریخ میں پہلی بار آٹے کا 20 کلو کا تھیلا 3100 روپے تک پہنچ گیا۔

وفاقی ادارہ شماریات نے آٹے کی قیمتوں کے اعدادوشمار جاری کردیئے ہیں۔ جس کے مطابق پورے ملک میں سب سے مہنگا آٹا کراچی شہر میں ہے اور کراچی میں آٹا سب سے مہنگا 155 روپے تک میں فروخت ہورہا ہے۔

یہ بھی پڑھیے

موٹرسائیکل، رکشوں اور چھوٹی گاڑیوں کو پٹرول پر 50 روپے سبسڈی دینے کا فیصلہ

درآمدات پر پابندی لگانے سے بےروزگاری بڑھنے کا خطرہ سرپر منڈلانے لگا، ڈان نیوز

وفاقی ادارہ شماریات کے مطابق کراچی میں آٹے کا 20 کلو کا تھیلا ریکارڈ 3100 روپے تک پہنچ گیا ہے۔ ایک ہفتے میں کراچی میں آٹے کا 20 کلو کا تھیلا 200 روپے تک مزید مہنگا ہوا ہے۔

ادارہ شماریات کے مطابق ایک ہفتے میں ملتان میں بھی آٹے کا تھیلا 200 روپے تک مہنگا ہوا ہے جبکہ پشاور میں آٹے کے تھیلے کی قیمت میں 100 روپے تک اضافہ ہوا ہے۔

حیدر آباد میں آٹے کے تھیلے کی قیمت میں 80 روپے تک اضافہ ہوا ہے۔ حالیہ ہفتے کوئٹہ میں آٹے کا 20 کلو کا تھیلا 30 روپے تک مہنگا ہوا۔

ادارہ شماریات کے مطابق خضدار میں آٹے کا 20 کلو کا تھیلا 2850 روپے تک دستیاب ہے جبکہ حیدرآباد میں آٹے کا تھیلا 2800 روپے تک پہنچ گیا۔

ادارہ شماریات کے اعدادوشمار کے مطابق کوئٹہ میں 2780, پشاور 2750, لاڑکانہ میں آٹے کا تھیلا 2640  روپے تک فروخت ہورہا۔

وفاقی ادارہ شماریات کے مطابق سکھر ، ملتان 2600 اور بنوں میں آٹے کا تھیلا 2550 روپے تک میں مل رہا ہے۔

جاری اعدادوشمار کے مطابق گوجرانوالہ میں آٹے کا 20 کلو کا تھیلا 2533 روپے تک میں فروخت ہورہا۔

ادارہ شماریات کے مطابق اسلام آباد ، راولپنڈی ،  لاہور ، سیالکوٹ میں 20 کلو آٹے کا سرکاری تھیلا 1295 روپے تک پہنچ گیا ہے۔

اوپن مارکیٹ میں اسلام آباد, راولپنڈی, لاہور, سیالکوٹ میں 20 کلو آٹے کا تھیلا 2720 روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔ فیصل آباد, سرگودھا, بہاولپور میں بھی سرکاری آٹے کے تھیلے کی قیمت 1295 روپے تک پہنچ گئی ہے جبکہ اوپن مارکیٹ میں اس کی قیمت 2690 روپے تک ہے۔

عوام کا شکوہ ہے کہ مارچ میں بچوں کے لیے نئے تعلیمی سال کا آغاز ہو رہا ہے، ایسے میں کتابیں کاپی، یونیفارم اور نئے تعلیمی سال کا سامان خریدنے کے بعد اب جیب خالی ہے، ایسے میں آٹا مہنگا ہونے سے انہیں رمضان کی آمد سے قبل ہی مشکلات کا سامنا ہے۔

متعلقہ تحاریر