ٹویوٹا انڈس موٹر نےاپنی پیداوار 3دن کیلیے بند کردی
خام مال اور پرزوں کی عدم دستیابی اور کمرشل بینکوں سے ایل سیز کے حصول میں مشکلات کو کمپنی کے فیصلے کی وجہ قرار دیا جارہا ہے۔
ڈالر کے بحران اور ایل سیز کی بندش کے سبب رکنے والا ملکی معیشت کا پہیہ گھومنے کا نام نہیں لے رہا۔ پاکستان میں ٹویوٹا گاڑیاں تیار کرنے والی انڈس موٹر کمپنی نے ایک مرتبہ پھر اپنی پیداوار 3 روز کیلیے بند کردی۔
خام مال اور پرزوں کی عدم دستیابی اور کمرشل بینکوں سے ایل سیز کے حصول میں مشکلات کو کمپنی کے فیصلے کی وجہ قرار دیا جارہا ہے۔
یہ بھی پڑھیے
انڈس موٹر نے مہینے میں 2 مرتبہ گاڑیاں مہنگی کرنے کےبعد پیداوار روک دی
انڈس موٹرز اور ملت ٹریکٹرز کے بعد مزید 2 کمپنیوں نے پیداوار بند کردی
پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو جمع کرائے گئے اعلامیے میں کمپنی نے موقف اپنایا ہے کہ خام مال کی کمی اور کمرشل بینکوں سےایل سیز حاصل کرنے میں دشواری نے گاڑیوں کی پیداوار اور ترسیل کو بری طرح متاثر کیا ہے، جس کے نتیجے میں کمپنی کی پیداوار عارضی طور پر رک گئی ہے۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ ایل سیز کھولنے میں حائل مشکلات، پرزوں اور خام مال کی عدم دستیابی کے سبب کمپنی کی پیداوار 24 سے 27 فروری تک مکمل طور پر بند رہے گی۔
واضح رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ انڈس موٹرز نے ساز و سامان کی عدم دستیابی اور ایل سیز کھلنے میں مشکلات کے سبب اپنی پیداوار بند کی ہے۔ انڈس موٹر نے گزشتہ ماہ بھی 14 روز کیلیے اپنی پیداوار بند کردی تھی۔ اس سے قبل ستمبر میں بھی کمپنی کو 16 دن کیلیےاپنی پیداوار بند کرنا پڑی تھی۔