پاکستانیوں کے لیے حج کی  ادائیگی مزید مشکل، اخراجات میں 3 لاکھ روپے اضافہ

دستاویزات کے مطابق گذشتہ سال حج اخراجات 8 لاکھ ، 26 ہزار 528 روپے تھے جو رواں برس بڑھ کر 11 لاکھ 75 ہزار 677 روپے ہوگئے ہیں۔

بڑھتی مہنگائی نے پاکستانیوں کے لئے حج کی ادائیگی مشکل بنا دی ، پاکستانیوں کے لئے حج گزشتہ برس کے مقابلے میں ساڑھے تین لاکھ روپے مہنگا ہوگیا۔ تمام کمرشل بنکوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ 25 اور 26 مارچ کو حج درخواستوں کے لئے برانچز کھلی رکھیں۔

نیوز 360 کو ملنے والی دستاویز کے مطابق پاکستانی عازمین کو 38 دن کے کھانوں کے لئے ایک لاکھ سے زائد رقم ادا کرنی ہوگی۔ ٹرین کا مدینہ ، عرفات اور مزدلفہ تک کا کرایہ 43 ہزار 882 روپے وصول کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیے

ٹویوٹا انڈس موٹر نےاپنی پیداوار 3دن کیلیے بند کردی

اسٹیٹ بینک کے ذخائر 280 ملین اضافے کے ساتھ 4.59 بلین ڈالر تک پہنچ گئے

رپورٹ کے مطابق ٹرانسپورٹ چارجز کی مد میں بھی ایک لاکھ 12 ہزار روپے عازمین حج ادا کریں گے۔ پانچ لٹر آب زم زم کے لئے بھی گیارہ سو روپے کی ادائیگی لازم ہوگی۔ ادویات کے لئے بھی 12 ہزار روپے  وصول کئے جائیں گے۔

دستاویز کے مطابق ہوائی جہازکے ٹکٹ کی مد میں گزشتہ برس کے مقابلے میں 70 ہزار زائد ادا کرنے ہوں گے۔ ہوائی جہاز کا ٹکٹ گزشتہ برس ایک لاکھ ، 81 ہزار 760 روپے کا تھی۔ ہوائی ٹکٹ کی قیمت رواں برس بڑھ کر ڈھائی لاکھ روپے ہوگئی۔

نیوز 360 کو موصول ہونے والی دستاویز کے مطابق لازمی حج اخراجات کی مد میں 3 لاکھ 56 ہزار روپے کی ادائیگی ضروری ہے۔

دستاویز کے مطابق حج اخراجات گزشتہ برس 8 لاکھ ، 26 ہزار 528 روپے تھے۔ رواں برس سرکاری حج کے اخراجات بڑھ کر 11 لاکھ 75 ہزار 677 روپے ہوگئے۔ ان حج اخراجات میں قربانی کے جانوروں کی قیمت شامل نہیں ہے۔ مکہ مکرمہ میں عازمین سے رہائش گاہ کی مد میں ایک لاکھ 93 ہزار روپے کرایہ وصول کیا جارہا ہے۔ گزشتہ برس پاکستانیوں کے لئے مکہ کی رہائش گاہ کا فی کس کرایہ ایک لاکھ 18 ہزار روپے تھا۔

دستاویز میں کہا گیا ہے کہ مدینہ منورہ میں رہائش گاہوں کا کرایہ گزشتہ برس ساڑھے 37 ہزار روپے تھا۔ مدینہ منورہ کا رواں برس کرایہ تقریباً 78 ہزار روپے ہے۔

سعودی عرب کی ویزا فیس بھی 16 ہزار سے بڑھ کر 22 ہزار 275 روپے ہوگئی۔ روپے کی قدر میں کمی اور سعودی حکومت کی جانب سے ٹیکسز بڑھانے کے سبب حج اخراجات میں اضافہ ہوا۔

دستاویزات میں لکھا ہے کہ تمام بینک حج درخواستیں ہفتہ اور اتوار کو بھی قبول کریں گے، اسٹیٹ بنک آف پاکستان نے سرکلر جاری کردیا، تمام کمرشل بنکوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ 25 اور 26 مارچ کو حج درخواستوں کے لئے برانچز کھلی رکھیں، اسٹیٹ بنک آف پاکستان نے یہ سرکلر وزارت مذہبی امور کی درخواست پر جاری کیا ہے

سرکلر کا مقصد حج پر جانے کے خواہشمند افراد کو سہولت فراہم کرنا ہے۔

متعلقہ تحاریر