غیر مستحکم سیاسی صورتحال؛ اسٹاک میں شدید مندی، ڈالر اور سونا مزید مہنگا ہوگیا

اسٹاک ایکسچینج میں شدید مندی کے باعث 100 انڈیکس میں 202 پوائنٹس کی کمی ہوئی جبکہ انٹر بینک میں ڈالر اور صرافہ بازار میں سونے کے بھاؤ بڑھ گئے ہیں

کاروباری ہفتے کے دوسرے روز پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں شدید مندی کے بادل چھائے رہے  جبکہ کرنسی مارکیٹ میں ڈالر اور صرافہ بازار میں سونا بھی مہنگا ہوگیا۔

ملک کی غیر مستحکم سیاسی و معاشی صورتحال کے برے اثرات نے اسٹاک مارکیٹ کو اپنی لپیٹ میں لے لیا جبکہ کرنسی مارکیٹ میں ڈالر اور صرافہ بازار میں سونے کے بھاؤ بڑھ گئے۔

یہ بھی  پڑھیے

چھ ماہ کے دوران 10 ارب ڈالر سے زائد کا بیرونی قرضہ واپس کیا گیا

پاکستان اسٹاک ایکسچینج  کے 100 انڈیکس میں بدھ کو شدید مندی کا رجحان دیکھا گیا۔ 100 انڈیکس 202 پوائنٹس کی کمی سے 40 ہزار کی نفسیاتی حد سے نیچے اکر 39 ہزار 879 پر بند ہوا۔

آج حصص بازار میں 319 کمپنیوں نے اپنے حصص کا لین دین ہوا جس میں سے  79 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ اور 203 میں کمی ریکارڈ کی گئی جبکہ 37 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی۔

دوسری جانب پاکستانی کرنسی روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قدر میں مزید اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ انٹر بینک میں ڈالر 37 پیسے مہنگا ہوا ہے ۔

اسٹیٹ بینک کے اعداد و شمار کے مطابق انٹر بینک میں ڈالر کی قیمت میں 37 پیسے اضافہ ہوا جس کے بعد ایک ڈالر 283 روپے 93 پیسے کا ہوگیا ہے۔

آج صرافہ بازار میں سونے کے بھاؤ میں ہزاروں روپے کا اضافہ دیکھا گیا۔ ایل تولہ سونا 2 ہزار 300 روپے مہنگا ہوا ہے ۔

جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق ایک تولہ سونا 2300 روپے اضافے سے 2 لاکھ 9 ہزار 700 جبکہ دس گرام سونا 1973 روپے مہنگا ہونے کے بعد ایک لاکھ 78 ہزار 243 روپے کا ہوگیا ہے۔

متعلقہ تحاریر