پاکستان بھنور سے نکل آیا، 6ماہ میں 11ارب ڈالر ادا کیے ہیں، وزیرخزانہ
پاکستان نے آئی ایم ایف کی تمام شرائط اور تکنیکی شرائط بھی پوری کردی ہیں، ملک کو دیوالیہ کرانے اور سری لنکا بنانے کا خواب دیکھنے والوں کو شرمندگی کا سامنا ہے، سینیٹر اسحاق ڈار کا مدینہ منورہ میں خطاب

وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہاہے کہ پاکستان بھنور سے نکل آیا ہے، 6 ماہ میں 11 ارب ڈالر کی بروقت ادائیگی کی ہے، ملک کو دیوالیہ کرانے اور سری لنکا بنانے کا خواب دیکھنے والوں کو شرمندگی کا سامنا ہے۔
مدینہ منورہ میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیرخزانہ نے مزید کہاکہ پاکستان نے آئی ایم ایف کی تمام شرائط اور تکنیکی شرائط بھی پوری کردی ہیں۔
یہ بھی پڑھیے
حکومت مذاکرات کیلیے بااختیار نہیں، اداروں میں آج بھی عمران خان کے سہولت کار ہیں، جاوید لطیف
سپریم کورٹ انتخابی احکامات کی خلاف ورزی کرنے والے وزراء کو 5 سال کےلیے نااہل قرار دے، اعتزاز احسن
وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ 1998 کے ایٹمی دھماکے کے بعد اب دوسرا مشکل ترین دور تھا، پچھلی حکومت نے جو معاشی تباہی کی تھی اور ملک ڈیفالٹ کے جس دہانے تک پہنچا دیا تھا اسکا برملا اظہار ان کے مشیر خزانہ اور دوسری سینئر قیادت کر چکی تھی اور سابق ارمی چیف قمر جاوید باجوہ نے خود اقرار کیا کہ اگر عمران خان کی حکومت مزید چند ماہ رہتی تو ملک ڈیفالٹ ہو جاتا۔
انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت نے مشکل وقت میں اقتدار سنبھالا اور ووٹ کے بجائے ملک بچانے کو ترجیج دی، ہم بہترین حکمت عملی سے بحران سے نکل آئے ہیں، سمت اور منزل کا تعین ہو چکا ہے۔
انہوں نے کہاکہ 2013 میں بھی ملک کی معاشی حالت اچھی نہیں تھی مگر ہم نے میاں نواز شریف کی قیادت میں ملک کو ترقی کے سفر پر ڈال دیاتھا اور 4 سال کے قلیل عرصے میں مہنگائی2فیصد کی شرح پر لے آئے تھے،شرح نمو6 فیصد تھی اور 18 ماہ میں پاکستان 5 ویں تیز ترقی والی معیشت بن گیا تھا جبکہ ہم نے126 دن کا دھرنا اور دوسرا فیض آباد دھرنا بھی برداشت کیا تھا۔









