کاروباری ہفتے کا آخری روز؛ اسٹاک میں 508 پوائنٹس اضافہ، روپیہ بھی مضبوط
پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے 100 انڈیکس میں 508 پوائنٹس کا اضافہ ہوا جبکہ انٹر بینک میں ڈالر بھی معمولی کمی کا شکار بنا تاہم اوپن مارکیٹ میں ڈالر تین روپے مہنگا پوا ہے

کاروباری ہفتے کے آخری روز پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں 508 پوائنٹس کا اضافہ ہوا جبکہ انٹر بینک میں روپے کے مقابلے میں ڈالر سستا اور اپون مارکیٹ میں ڈالر مہنگا ہوا ہے۔
پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں عید الفطر کی تعطیلات سے قبل آخری کاروباری دن میں مثبت رجحان رہا جبکہ انٹر بینک میں ڈالر کی قدر میں کمی اور اوپن مارکیٹ میں اضافہ ہوا۔
یہ بھی پڑھیے
پاکستان نے روس سے خام تیل کے پہلے کارگو جہاز کا آرڈر دے دیا
پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے 100 انڈیکس میں جمعرات کو تیزی کا رجحان دیکھا گیا، 1.26 فیصد کی مثبت تبدیلی کے ساتھ 508 پوائنٹس کا اضافہ ہوا، جوکہ گزشتہ روز کے 40,499 پوائنٹس کے مقابلے میں 41,007 پر بند ہوا۔
گزشتہ روز 84,164,030 حصص کے مقابلے میں دن کے دوران مجموعی طور پر 173,790,631 حصص کا کاروبار ہوا جبکہ گزشتہ کاروباری روز 3.628 ارب روپے کے مقابلے 5.724 ارب روپے کے حصص کا کاروبار ہوا۔
اسٹاک مارکیٹ میں 324 کمپنیوں نے اپنے حصص کا لین دین کیا۔ ان میں سے 197 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ اور 108 میں مسلسل نقصان جبکہ 19 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی۔
دوسری جانب انٹر بینک کرنسی مارکیٹ میں پاکستانی روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قیمت میں کمی کا رجحان دیکھنے میں آیا تاہم اوپن مارکیٹ میں ڈالر مہنگا ہوگیا۔
اسٹیٹ بینک پاکستان (ایس بی پی) کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق آج انٹر بینک میں ایک ڈالر 42 پیسے سستا ہو کر 283 روپے 47 پیسے کی سطح پر آگیا ہے۔
Interbank closing #ExchangeRate for todayhttps://t.co/LikcTM4yGe pic.twitter.com/eyk1G9CcPm
— SBP (@StateBank_Pak) April 20, 2023
اوپن مارکیٹ میں امریکی ڈالر 3 روپے مہنگا ہوا ہے۔ فاریکس ایسوسی ایشن کے مطابق آج اوپن مارکیٹ میں ڈالر تین روپے اضافے سے 292 روپے کا ہوگیا ہے۔