شہباز حکومت کا عوام کو عید کے فوری بعد تحفہ ، گیس میٹر چارجز 500 روپے فکس
گیس میٹر کا رینٹ 37.5 روپے سے بڑھ کر 500 روپے تک پہنچا تو کسی کا 40 روپے سے بڑھ کر 500 روپے تک جا پہنچا۔

مہنگائی کی ماری عوام پر شہباز شریف حکومت کی ایک اور مہربانی ، سوئی سدرن اور سوئی نادرن گیس کمپنیز نے گیس کے میٹر کا کرایہ 40 روپے سے بڑھا کر 500 روپے فکس کردیا، عوام کی چیخیں نکل گئیں۔
ریونیو کی ضروریات پوری کرنے کے لیے سوئی سدرن اور سوئی نادرن کی نرالی منطق سامنے آگئی۔ دونوں گیس کمپنیوں نے گیس کے میٹر کا رینٹ میں 12 گنا اضافہ کردیا۔
یہ بھی پڑھیے
وزیر خزانہ اسحاق ڈار آئی ایم ایف سے اسٹاف لیول معاہدے کے لیے پرامید
رواں مالی سال کے پہلے 9 ماہ میں حکومت نے 7 ارب 76 کروڑ ڈالر قرض لیا
ملک بھر کے عوام اپریل میں گیس کے بل دیکھ کر پریشان ہوگئے۔ کسی کے گیس میٹر کا رینٹ 37.5 روپے سے بڑھ کر 500 روپے تک پہنچا تو کسی کا 40 روپے سے بڑھ کر 500 روپے تک جا پہنچا۔
تفصیلات معلوم کرنے پر حکام نے نیوز 360 کو بتایا کہ یہ فیصلہ کمپنیز کے نقصانات کم کرنے اور آمدن بڑھانے کے لیے کیا گیا ہے۔
یکم جنوری سے اب تک کے نقصانات کم کرنے اور آمدن بڑھانے کے لیے گیس میٹر کے رینٹ میں اضافہ کیا گیا ہے۔ تاہم اس کا اطلاق زیادہ گیس استعمال کرنے والے صارفین پر کیا گیا ہے، جبکہ کم گیس استعمال کرنے والے صارفین بھی میٹر رینٹ 500 روپے ہونے کی شکایات کرتے پھر رہے ہیں۔