عوام کو بڑا ریلیف، ڈیزل 30 روپے اور پٹرول 12 روپے فی لیٹر سستا
پٹرول 270 روپے فی لیٹر اور ڈیزل کی 258 روپے فی لیٹر ہوگیا، مٹی کا تیل اور لائٹ ڈیزل آئل بھی 12 روپے فی لیٹر سستا ہوگیا، وزیرخزانہ کا ٹرانسپورٹ کے کرائے اور اشیا کی قیمتیں بھی کم کرنے پر زور

کمر توڑ مہنگائی کے مارے عوام کو بڑا ریلیف مل گیا، حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑی کمی کردی۔ آئندہ15 روز کیلیے ہائی اسپیڈ ڈیزل 30 روپے اور پٹرول 12 روپے فی لیٹر سستا کردیا گیا۔
وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں اور ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں کمی کا مطالبہ کردیا۔
یہ بھی پڑھیے
صنعتیں تباہی کے دہانے پر، ایک سال میں بڑی صنعتیوں کی پیداوار منفی 9 فیصد
صنعتکاروں کی سیاسی و معاشی بدحالی سے بچنے کیلئے تمام اسٹیک ہولڈرز سے دردمندانہ اپیل
وزیر خزانہ کے مطابق ملک میں پٹرول کی قیمت میں 12 روپے فی لیٹر کمی کی گئی ہے جس کے بعد نئی قیمت282 روپے سے کم ہوکر 270 روپے فی لیٹر ہوگئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہائی اسپیڈ ڈیزل 30 روپے کمی کے بعد288 روپے سے 258 روپے فی لیٹر ہوگیا ہے جبکہ مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل آئل کی قیمتیں بھی 12 روپے فی لیٹر کمی کے بعد بالترتیب 164 روپے 7 پیسے اور 152 روپے 68 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔
وزارت خزانہ نے پٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے جس کے بعد پٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق رات 12 بجے سے ہوگیا ہے۔
اسحاق ڈارکا کہنا تھاکہ امید ہے پیٹرول و ڈیزل کی قیمتوں میں کمی سے دیگراشیا کی قیمتوں میں کمی ہوگی لہٰذا ٹرانسپورٹرز سے بھی گزارش ہے کہ اب کرایوں میں کمی کی جائے۔