ڈی آئی خان میں سیکورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپ میں 3 دہشت گرد مارے گئے
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ مارے گئے دہشت گرد سیکورٹی فورسز کے خلاف مختلف دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث تھے۔
ڈیرہ اسماعیل (ڈی آئی) خان کے جنرل علاقے کلاچی میں سیکورٹی فورسز کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں تین دہشت گرد مارے گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے اتوار کے روز جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ سیکورٹی فورسز نے ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے کلاچی میں خفیہ اطلاعات پر مبنی آپریشن کیا۔
یہ بھی پڑھیے
ہوشاب میں سیکورٹی فورسز کے قافلے پر دہشتگردوں کا حملہ، دو فوجی جوان شہید، ایک زخمی
بلوچستان کے ضلع شیرانی میں دہشتگردوں کا حملہ ، ایک ایف سی اور 3 پولیس اہلکار شہید
ڈی جی آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ آپریشن کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد تین دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا گیا۔ مارے گئے دہشت گردوں کے پاس سے بھاری تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا ہے۔
ترجمان آئی ایس پی آر کی جانب سے مزید کہا گیا ہے کہ مارے گئے دہشت گرد سیکیورٹی فورسز، پولیس اور معصوم شہریوں کے خلاف مختلف دہشت گردانہ کارروائیوں میں سرگرم تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مارے گئے دہشتگرد 11 اپریل 2022 کو کولاچی میں ایک پولیس چیک پوسٹ پر بھی حملے میں ملوث تھے۔ حملے کے نتیجے میں پانچ بہادر پولیس اہلکاروں نے جام شہادت نوش فرمایا تھا۔
پاک فوج کے ترجمان کے مطابق علاقے میں پائے جانے والے دہشت گردوں کو ختم کرنے کے لیے آپریشن کلین اپ جاری ہے۔ آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ پاکستان کی سیکورٹی فورسز دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔









