انٹربینک میں ڈالر کے مقابلے روپیہ تگڑا، صرافہ مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں بڑی کمی
اوپن مارکیٹ میں امریکی ڈالر کی خرید و فروخت بالترتیب 282 روپے اور 284.5 روپے رہی جبکہ صرافہ مارکیٹ میں فی تولہ سونے کی قیمت میں 4500 روپے کمی ریکارڈ کی گئی۔
سعودی عرب سے 2 ارب ڈالر کی آمد اور آئی ایم ایف کے ساتھ متوقع معاہدے کے مثبت اثرات سامنے آنے لگے۔ کاروباری ہفتے کے دوسرے روز (منگل) انٹربینک مارکیٹ میں امریکی ڈالر کے مقابلے پاکستانی روپیہ 1.24 روپے مزید مضبوط ہوکر 278.56 روپے پر بند ہوا، جو گزشتہ روز 279.80 روپے پر بند ہوا تھا۔
تاہم انٹر بینک میں یورو ، روپے کے مقابلے میں 17 پیسے اضافے سے 306.75 روپے پر بند ہوا، جو گزشتہ روز 306.58 روپے تھا۔
جاپانی ین کی قیمت 2 پیسے اضافے سے 1.98 روپے پر بند ہوئی جبکہ برطانوی پاؤنڈ کی قیمت 50 پیسے اضافے سے 359.01 روپے پر بند ہوئی۔
یہ بھی پڑھیے
سعودی امداد کے آتے ہی شیئرز مارکیٹ میں 570 پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ
اسٹیٹ بینک کو سعودی عرب سے 2 ارب ڈالر موصول ہوگئے ہیں، اسحاق ڈار
اماراتی درہم اور سعودی ریال روپے کے مقابلے میں گر کر بالترتیب 75.84 روپے اور 74.26 روپے پر بند ہوئے۔
اوپن مارکیٹ میں امریکی ڈالر کی خرید و فروخت کی شرح بالترتیب 282 روپے اور 284.5 روپے رہی۔
مجموعی طور پر، پاکستانی روپے کی قدر میں منگل کو زیادہ تر اہم کرنسیوں کے مقابلے میں اضافہ ہوا۔
دوسری جانب مقامی کرنسی کے مقابلے امریکی ڈالر کی قدر میں کمی کے باعث منگل کے روز پاکستان میں سونے کی قیمت میں بڑی کمی ہوئی۔
24 قیراط سونے کی فی تولہ قیمت 4500 روپے کمی سے 204500 روپے ہوگئی جبکہ 10 گرام سونے کی قیمت 3858 روپے کمی سے 175326 روپے ہوگئی۔
سونے کی قیمت میں کمی بین الاقوامی مارکیٹ میں رجحان کے برخلاف تھی جہاں فی اونس سونے کی قیمت 0.7 ڈالر اضافے سے 1932 ڈالر فی اونس ہوگئی۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ سونے کی قیمتوں میں بڑی کمی کی وجہ گرین بیک کی کمزوری ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ مستقبل قریب میں سونے کی قیمت دباؤ میں رہنے کا امکان ہے، کیونکہ امریکی ڈالر کے مسلسل کمزور ہونے کی توقع ہے۔