شہباز حکومت کی ظلم کی انتہا، پیٹرول کی قیمت میں 19.95 روپے فی لیٹر اضافہ کر دیا
ڈیزل کی قیمت میں بھی 19.90 روپے فی لیٹر کا اضافہ کردیا گیا ، نئی قیمتیں اگلے پندرہ دن کے لیے لاگو ہوں گی۔

چند دنوں کی مہمان شہباز شریف حکومت نے مہنگائی کی ماری عوام پر پیٹرول بم گرادیا ، وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے اپنے دور حکومت کے آخری ایام میں اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ حکومت نے پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 19 روپے 95 پیسے اور ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 19 روپے 40 پیسے اضافہ کردیا ہے۔
اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ گزشتہ 15 دنوں میں عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے جس کی بنیاد پر ڈیزل 19.40 روپے مہنگا کر رہے ہیں جبکہ پیٹرول 19 روپے 95 پیسے فی لیٹر مہنگا کردیا گیا ہے۔
وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ قیمتوں میں اضافے کا فیصلہ وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت کی روشنی میں کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ قیمتوں میں اضافے کا اطلاق فوری طور پر ہوگا۔
یہ بھی پڑھیے
پاکستان اسٹاک ایکسچیج دو سال بعد 48,000 کی نفسیاتی حد عبور کرگیا
بجلی کے بعد ایل پی جی کی قیمت میں بھی ریکارڈ 23.85 روپے فی کلو اضافہ
اسحاق ڈار نے کہا کہ اب پیٹرول کی نئی قیمت 272 روپے 95 پیسے فی لیٹر اور ڈیزل کی قیمت فی لیٹر 272 روپے 90 پیسے کردی گئی ہے۔
اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ انہوں نے رات 3 بجے تک اوگرا کے ساتھ مل کر ریلیف اور کمی پر غور کیا ، لیکن آئی ایم ایف پروگرام کی وجہ سے ریلیف نہیں دے سکتے تھے۔
اس فیصلے کا اعلان وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے براہ راست نشریات کے دوران کیا، جس میں آئی ایم ایف کے ساتھ طے شدہ شرائط پر عمل کرنے کی ضرورت کا حوالہ دیا گیا۔
وزیر خزانہ ڈار نے زور دے کر کہا کہ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کا فیصلہ پاکستان کے بہترین مفاد میں کیا گیا ہے۔
آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کے ساتھ مشاورت میں یہ طے پایا کہ بین الاقوامی آئل مارکیٹ میں اتار چڑھاؤ کے باعث ایندھن کی قیمتوں میں ایڈجسٹمنٹ کی ضرورت ہے۔
وزیر خزانہ محمد اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ "آئی ایم ایف پروگرام کا حصہ بننا اور اسٹینڈ بائی معاہدے پر عمل کرنا پاکستان کی معاشی بحالی کے لیے بہت ضروری ہے۔”
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ ایندھن کی قیمتوں میں حیران کن اضافے سے عوام میں صدمے کی لہر دوڑ گئی ہے ، جو پہلے ہی بہت سے معاشی بوجھ سے دوچار ہیں۔