ایشیا پاک انویسٹمنٹ نے کراچی شہر کے لیے سستی بجلی پیدا کرنے کا پلان دے دیا
شہریار چشتی کا کہنا ہے کہ کراچی شہر کے لیے سستی بجلی پیدا کرنے کے لیے پانچ سالوں میں ڈھائی سے تین ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی جائے گی۔

کراچی کے شہریوں کے لیے بڑی خوشخبری ، ایشیا پاک انویسٹمنٹ کے سربراہ شہریار چشتی نے کہا ہے کہ کے-الیکٹرک کا کنٹرول بہت جلد ایشا پاک کے پاس آجائے گا۔
کراچی کے مکینوں کو خوشخبری سناتے ہوئے شہریار چشتی کا کہنا تھا کہ کے آئی ایس پی کے 54 فیصد شیئرز ایشا پاک نے حاصل کرلیے ہیں۔
ایشیا پاک انویسٹمنٹ کے سربراہ نے کراچی شہر کے لیے سستی بجلی پیدا کرنے کا پلان دیتے ہوئے بتایا کہ سستی بجلی کے لیے پانچ سالوں میں ڈھائی سے تین ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیے
پی ایس ایکس 100 انڈیکس 534 پوائنٹس اضافے کے ساتھ 48746 پوائنٹس پر بند
سوئی ناردرن کی نااہلی کے باعث 21 ارب روپے کی سستی ایل این جی بھاڑ میں جھونک دی گئی
سربراہ ایشیا پاک انویسٹمنٹ کا کہنا تھا کہ سستی بجلی کے لیے کوئلہ ، ہوا اور سولر میں سرمایہ کاری کی جائے گی۔ جامشورو میں موجود امپورٹڈ کول پاور پلانٹ کو تھر کے کوئلے پر منتقل کیا جائے گا۔
شہریار چشتی کا کہنا تھا کہ 660 میگاواٹ کا جامشورو پلانٹ تیار ہے اس سے 6 ماہ میں بجلی حاصل کی جاسکے گی۔ پلانٹ کو کو مقامی کوئلے پر منتقل کرنے پر 50 ملین ڈالر لاگت آئے گی۔
شہریار چشتی نے مزید خوشی خبر سناتے ہوئے بتایا کہ جامشورو میں ہی ایک اور 660 میگاواٹ کے مقامی کوئلے کا پلانٹ لگایا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ ونڈ اور سولر سے آئندہ پانچ سال میں 3000 میگاواٹ سستی بجلی حاصل کی جائے گی۔ ونڈ اور سولر کے پروجیکٹ میں ڈھائی ارب ڈالر کی سرمایہ کاری ہوگی۔
انہوں نے بتایا کہ ونڈ اور سولر پروجیکٹ میں سرمایہ کاری یو اے ای کے تعاون سے کی جائے گی۔ پاکستانی بینکوں کو کوئلے کے منصوبوں کی فنانسنگ کرنی چاہیے۔
شہریار چشتی کا کہنا تھا کہ کے-الیکٹرک جب تک ڈیویڈنٹ نہیں دے گا جب تک جنریشن ایوریج کاسٹ ملک بھر سے کم نہیں ہوگی۔