آذربائیجان کی پاکستان کو سالانہ ڈیرھ ارب ڈالرز کے ادھار پر تیل کی پیشکش
اسٹیٹ آئل کمپنی آف آذربائیجان ریپبلک (سوکار) کی پاکستان کو سالانہ ڈیڑھ ارب ڈالر کے ادھار تیل اور ایل این جی کی پیش کش۔ ادھار تیل بلاسود اور غیر مشروط ہوگا
آذربائیجان کے تیل کے سرکاری ادارے اسٹیٹ آئل کمپنی آف آذربائیجان ری پبلک (سوکار) نے پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او) کو سالانہ ایک ارب 10 کروڑ ڈالر کی ایل این جی اور ہر سہ ماہی کے لیے 10 کروڑ ڈالر کا تیل ادھار دینے کی پیشکش کی ہے۔ اور ساتھ ہی یہ پیشکش بھی ہے کہ اگر پی ایس او کو سوکار کا تیل اور ایل این جی دنیا میں سب سے سستے ریٹ پر ملے تو ادھار پر حاصل کرے۔
وزارت خزانہ کے حُکام نے نیوز 360 کو بتایا کہ آذربائیجان نے پاکستان کو توانائی کے شعبے میں بڑے تعاون کی پیشکش کردی ہے۔ یوں آذربائیجان کی جانب سے پاکستان کو سالانہ ڈیڑھ ارب ڈالرز کا تیل اور ایل این جی ادھار مل سکے گا۔ پیشکش کے مطابق ہر ماہ 10 کروڑ ڈالر کی ایل این جی موخر ادائیگی پر مل سکتی ہے اور ہر 3 ماہ کے لیے 10 کروڑ ڈالرز کا تیل ادھار پر حاصل کیا جاسکتا ہے۔
آذربائیجان کی پیش کش سب سے سستے تیل اور ایل این جی کے لیے ہے اور ان کا دعوی ہے کہ اگر پاکستان کو ان کا تیل اور ایل این جی ٹینڈر میں سب سے کم بولی پر ملیں تو وہ یہ پیشکش قبول کریں۔
یہ بھی پڑھیے
ایشیائی ترقیاتی بینک نے مزید 5 سال کےلیے پاکستان کا ہاتھ تھام لیا
پاکستانی حُکام کے مطابق یہ پیشکش اس لحاظ بھی پرکشش ہے کہ یہ غیرمشروط ہے اور پاکستان کو ایل سی کھول کر تیل یا ایل این جی درآمد کرنے بھی زحمت نہیں ہوگی۔ اِس کے علاوہ پروڈکٹس اوپن اکاؤنٹ کے ذریعےحاصل کی جاسکیں گی۔ سوکار اور پی ایس او مل کر اس سلسلے میں معاہدے کرسکیں گے۔
سوکار کا دعوی ہے کہ وہ عالمی معیار کے مطابق پٹرولیم مصنوعات بناتا ہے اور پاکستان بھی اس سے جو معیار مانگے گا وہ پاکستان کو فراہم کرسکے گا۔ سوکار نے پی ایس او کے 15 دسمبر 2020 کو سب سے سستے پٹرول کا ٹینڈر بھی جیت لیا ہے اور سوکار کی پٹرولیم مصنوعات کی پہلی کھیپ 15 فروری کو پاکستان آئے گی۔
پی ایس او اس کا معیار چیک کرنے کے بعد حکومت پاکستان کو باقاعدہ معاہدے کے لیے ’گرین سگنل‘ دے گا جس کے بعد دونوں ملکوں کے تیل کے سرکاری اداروں کے درمیان معاہدہ طے پائے گا۔ حکام کے مطابق آذربائیجان نے پاکستان کو تیل اور ایل این جی بلاسود دینے کی پیشکش کی ہے یوں پاکستان 3 ماہ تک موخر ادائیگی کے پٹرول اور ہر ماہ موخر ادائیگی پر ایل این جی حاصل کرسکے گا۔