اسلامی ترقیاتی بینک اور پاکستان کے درمیان 1.1 ارب ڈالرز کا معاہدہ

حکام کا کہنا ہے کہ آئی ٹی ایف سی اور پاکستان کے درمیان معاہدہ، روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ میں اضافہ اور ڈالر کی قدر میں کمی معیشت کی بہتری کے اشارے ہیں۔

اسلامی ترقیاتی بینک اور پاکستان کے درمیان 1.1 ارب ڈالرز کے قرضے کا معاہدہ طے پا گیا ہے۔ روشن ڈیجٹل اکاؤنٹ نے ترسیلات زر کا 50 کروڑ  ڈالرز کا طے شدہ ہدف حاصل کرلیا ہے جبکہ پاکستانی روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قدر میں کمی ریکارڈ کی جارہی ہے۔

تفصیلات کے مطابق اسلامی ترقیاتی بینک کے ذیلی ادارے انٹرنیشنل اسلامک ٹریڈ فنانس کارپوریشن (آئی ٹی ایف سی) نے پاکستان کے ساتھ 1.1 ارب ڈالرز کے سالانہ منصوبے کی منظوری دی ہے۔ معاہدے پر دستخط کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور خسرور بختیار نے کہا کہ ‘آئی ٹی ایف سی پاکستان کا اہم مالیاتی شراکت دار رہا ہے اور موجودہ معاہدہ بین الاقوامی مالیاتی ادارے کے پاکستان پر اعتماد کا مظہر ہے۔’

انہوں نے کہا کہ ‘حکومت کی معاشی پالیسیز کو بین الاقوامی سطح پر سہراہا جا رہا ہے۔ کرونا سے متاثر معیشت بحال ہونا شروع ہوگئی ہے۔ اب جبکہ اسلامی ترقیاتی بینک اور پاکستان کے درمیان 1.1 ارب ڈالرز کا معاہدہ طے پا گیا ہے تو معاشی خسارے پر قابو پانے میں مزید مدد مل سکتی ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ ‘معاہدے کے تحت ملنے والی رقم رواں سال پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او)، پارکو اور پی ایل ایل کو تیل اور گیس کی درآمد میں تعاون فراہم کی جائے گی۔’

ادھر روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس سے متعلق گورنر اسٹیٹ بینک رضا باقر نے کہا ہے کہ ‘روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس نے ترسیلات زر کے لیے 50 کروڑ ڈالرز کا ہدف حاصل کرلیا ہے۔

گورنر اسٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ ‘روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس کی وجہ سے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو سرمایہ کاری میں آسانی ہوگئی ہے اور ہمارا مقصد بھی یہی ہے کہ عام آدمی کے لیے آسانیاں پیدا کی جائیں۔’

یہ بھی پڑھیے

گوگل اور فیس بک اب خبریں خریدیں گے

رضا باقر نے کہا کہ ‘روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس سے ابھی تک 88 ہزار بیرون ملک میں رہنے والے پاکستانی مستفید ہو رہے ہیں۔ بیرون ملک مقیم پاکستان کی تعداد 70 سے 90 لاکھ ہے اور صرف 5 ماہ میں 97 ممالک سے 88 ہزار اکاؤنٹ کھولے گئے ہیں۔’

Courtesy: nairametrics

دوسری جانب پاکستانی روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قیمت میں مسلسل کمی ریکارڈ کی جارہی ہے۔ بدھ کے روز کاروبار کے دوران امریکی ڈالر کی قیمت میں 15 پیسے کی ریکارڈ کمی ہوئی ہے جس کے بعد ڈالر کی قیمت خرید 158 روپے 60 پیسے اور قیمت فروخت 160 روپے 10 پیسے رہی۔

جبکہ جمعرات کے روز ڈالر کی قیمت میں مزید کمی دیکھی جارہی ہے اور اس وقت ڈالر 158 روپے 90 پیسے پر ٹریڈ کر رہا ہے۔

متعلقہ تحاریر