روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ میں مزید ترسیلات موصول
سو ممالک میں رہنے والے ایک لاکھ پاکستانیوں نے روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس کھلوا لیے ہیں۔

بیرونِ ممالک مقیم پاکستانی ملکی سرمایہ کاری میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں۔ اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کے مطابق اب تک ایک لاکھ روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس کھولے جاچکے ہیں جن سے 67 کروڑ 10 لاکھ ڈالرز کی رقم جمع کرائی گئی ہے۔
اسٹیٹ بینک کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار پاکستان کی معیشت کی بحالی کا اظہار کررہے ہیں۔ ایس بی پی کے مطابق روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ (آر ڈی اے) میں دنیا کے 100 ممالک میں رہنے والے ایک لاکھ پاکستانیوں نے اپنے ڈیجیٹل اکاؤنٹس کھلوائے ہیں جن سے 67 کروڑ 10 لاکھ ڈالر کی ترسیلات موصول ہوئی ہیں۔ حیران کن بات یہ ہے اس رقم کا آدھا حصہ صرف گذشتہ 8 ہفتوں کے دوران جمع کرایا گیا ہے۔
#RoshanDigitalAccount has just crossed 100,000 accounts! They have been opened from over 100 countries around the world. Deposits have reached $671mn, with ½ of these coming in the last 8 weeks alone. To learn more about RDA visit https://t.co/vOxEvdpNTP pic.twitter.com/iJrEWm9Yx3
— SBP (@StateBank_Pak) March 12, 2021
وزیر اعظم عمران خان نے گذشتہ برس ستمبر میں اس پروگرام کا آغاز کیا تھا۔ روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ ایس بی پی اور وفاقی حکومت کا مشترکہ منصوبہ تھا۔ پروگرام کے تحت ابتداء میں سمندر پار پاکستانیوں کو پاکستان کے 8 بینکس میں اکاؤنٹ کھلوانے کی سہولت دی گئی تھی بعدازاں دیگر بینکس بھی اس کا حصہ بن گئے۔

یہ بھی پڑھیے
پاکستان کی معیشت میں گزشتہ 7 ماہ کے دوران واضح بہتری
واضح رہے کہ روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ پروگرام اوورسیز پاکستانیوں کو فنڈز ٹرانسفر، بلوں کی ادائیگی اور پاکستان میں سرمایہ کاری سے متعلق سرگرمیوں کے حوالے سے صرف جدید بینکنگ سہولیات ہی فراہم نہیں کرتا ہے بلکہ انہیں ترقی یافتہ معیشتوں کے مقابلے میں ذخائر پر زیادہ منافع کی پیشکش بھی کرتا ہے۔