سونے اور ڈالر کی قیمت میں 21 ماہ کے دوران ریکارڈ کمی

پاکستانی روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر گذشتہ 21 ماہ کی کم ترین سطح پر پہنچ گیا۔

عالمی مارکیٹ کے ساتھ ساتھ پاکستان کی صرافہ مارکیٹوں میں سونے کی قیمت میں کمی کا رجحان دیکھا جا رہا ہے جبکہ انٹربینک میں ڈالر کی قیمت میں بھی تاریخی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی روپے کی قدر میں اضافہ نئے کاروباری ہفتے کے دوران بھی جاری ہے۔ منگل کے روز انٹربینک میں پاکستان روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر مذید 74 پیسے سستا ہو کر 154 روپے کی نفسیاتی حد سے نیچے چلا گیا ہے جوکہ گذشتہ 21 ماہ کی کم ترین سطح ہے۔

پیر کے روز جاری ہونے والے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے اعدادوشمار کے مطابق پیر کے روز پاکستانی روپے کے مقابلے میں یورو کی قدر میں 84 پیسے کمی ریکارڈ کی گئی تھی جس کے بعد ایک یورو 181 روپے 25 پیسے کا ہوگیا تھا۔

یہ بھی پڑھیے

حکومت پاکستان نے آئی ایم ایف کے سامنے گھٹنے ٹیک دیے

اسٹیٹ بینک کے مطابق ڈالر سمیت دیگر کرنسیوں کے مقابلے میں پاکستانی روپے کی قدر میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے بعد جاپانی ین 1 روپے 40 پیسے، برطانوی پاؤنڈ 212 روپے 79 پیسے، سعودی ریال 41 روپے 7 پیسے اور اماراتی درہم 41 روپے 94 پیسے میں فروخت ہوا۔

ڈالر کی قدر میں کمی کے بعد پاکستان کی صرافہ مارکیٹوں میں بھی سونے کی قیمتوں میں کمی کا رجحان دیکھا گیا۔ کاروباری ہفتے کے پہلے روز (پیر) سونے کی فی تولہ قیمت ایک ہزار روپے کم ہو کر ایک لاکھ 5 ہزار 700 روپے ہوگئی تھی۔

کراچی صرافہ ایسوسی ایشن کے مطابق پیر کے روز 10 گرام سونے کی قیمت 857 روپے کمی کے بعد 90 ہزار 621 روپے ہوگئی تھی جبکہ عالمی صرافہ بازار میں سونے کی فی اونس قیمت 6 ڈالرز کم ہوکر 1 ہزار 727 ڈالرز پر پہنچ گئی تھی۔

گذشتہ کاروباری ہفتے کے آخری روز ڈالر 154 روپے 58 پیسے پر بند ہوا تھا جس کے مقابلے میں آج ڈالر 153 روپے 30 پیسے پر آگیا ہے۔

اس طرح پاکستان میں سونے اور ڈالر کی قیمت میں کمی کے بعد عوام زکواۃ اور دیگر کاروباری ادائیگیوں میں جلدی کر رہے ہیں۔

متعلقہ تحاریر