دنیا کی 8 امیرترین شخصیات کی دولت 10 کھرب ڈالرز سے تجاوز کر گئی
امریکی جریدے فوربز کے مطابق دنیا کی امیرترین شخصیت جیف بیزوس کے اثاثوں کی مالیت 1 کھرب 96 ارب ڈالرز ہے۔

امریکی جریدے فوربز کے مطابق دنیا کے 8 امیرترین شخصیات کے اثاثوں کی مالیت 10 کھرب ڈالرز سے تجاوز کر گئی ہے۔ جریدے کے مطابق ایمیزون کے مالک جیف بیزوس 1 کھرب 96 ارب ڈالرز کے ساتھ پہلے نمبر پر موجود ہیں۔
الیکٹرک کار بنانے والے ادارے ٹیسلا کے چیف ایگزیکٹو ایلون مسک امیرترین شخصیات کی فہرست میں دوسرے نمبر ہیں۔ ان کے اثاثوں کی مالیت 1 کھرب 74 ارب ڈالرز سے زیادہ ہے۔
امریکی جریدے فوربز کے مطابق مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس 1 کھرب 44 ارب ڈالرز کے ساتھ تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔
فوربز کے مطابق اس فہرست میں چوتھے نمبر پر فرانس سے تعلق رکھنے والی کاروباری شخصیت برنارڈ آرنالٹ ہیں جن کے اثاثوں کی مالیت 1 کھرب 31 ارب ڈالرز ہے جبکہ فیس بک کے بانی مارک زکر برگ 1 کھرب 18 ارب ڈالرز کے ساتھ پانچویں نمبر پر موجود ہیں۔

یہ بھی پڑھیے
بل ہوانگ کو 2 دن میں 20 ارب ڈالرز کا نقصان
فوربز کے مطابق ’سوفٹ ویئر‘ ادارے کے مالک لیری ایلی سن امیرترین شخصیات کی فہرست میں 6 نمبر پر ہیں ان کے اثاثوں کی مالیت 1 کھرب 2 ارب ڈالرز سے زیادہ ہے۔ ’برک شائر ہیتھ وے‘ ادارے کے مالک وارن بفے اس فہرست میں 7ویں نمبر پر موجود ہیں ان کے اثاثوں کی مالیت 1 کھرب 1 ارب ہے جبکہ ’گوگل سرچ انجن‘ کے بانی لیری پیج امیر ترین شخصیات کی فہرست پر 8 ویں نمبر ہیں ان کے اثاثوں کی مالیت 1کھرب ڈالرز سے زیادہ ہے۔
امریکی جریدے فوربز کے مطابق سال 2020-21 کے دوران امیر ترین شخصیات کی دولت میں مجموعی طور پر 31 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
فوربز میگزین کے مطابق گذشتہ ایک برس میں 493 نئے ارب پتی شخصیات سامنے آئی ہیں۔ امریکا سب سے زیادہ ارب پتی شخصیات کی سرزمین ہے، جہاں 724 ارب پتی رہائش پذیر ہیں۔ چین 626 ارب پتیوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے جبکہ بھارت 140 ارب پتی شہریوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔