دنیا بھر میں پیٹرول مہنگا پاکستان میں سستا
حکومت پاکستان نے پیٹرول کی قیمت ایسے وقت میں کم کی ہے جب عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں گذشتہ ایک ماہ کی بلند ترین سطح پر ہیں۔

پاکستان میں گذشتہ ایک ماہ کے دوران حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں 2 بار کمی کی ہے جو کہ مجموعی طور پر 3 روپے سے زیادہ فی لیٹر بنتی ہے۔ حکومت پاکستان نے پیٹرول کی قیمت ایسے وقت میں کم کی ہے جب عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں گذشتہ ایک ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ چکی ہیں۔
جمعرات کے روز وزیراعظم عمران خان نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی منظوری دی ہے۔ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر وزیر خزانہ حماد اظہر نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کی تصدیق کی ہے۔
یہ بھی پڑھیے
آئی ایم ایف کا پاکستان پر ٹیکس مسلط نا کرنے کا اعلان
حماد اظہر نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں لکھا ہے کہ ’وزیراعظم عمران خان نے پیٹرول کی قیمت میں 1 روپے 79 پیسے اور ڈیزل کی قیمت میں 2 روپے 32 پیسے فی لیٹر کمی کی منظوری دی ہے۔‘
The Prime Minister has approved a reduction in petrol prices by Rs 1.79 and the price of diesel by Rs 2.32 applicable from tomorrow.
Reductions in kerosene and light diesel oil too as per below: pic.twitter.com/ubT0Re7j6t— Hammad Azhar (@Hammad_Azhar) April 15, 2021
اس کے علاوہ مٹی کے تیل کی قیمت میں 2 روپے 6 پیسے اور لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں 2 روپے 21 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی ہے۔
پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اطلاق آج سے ہوچکا ہے۔ اب پیٹرول 108 روپے 56 پیسے فی لیٹر میں دستیاب ہے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 110 روپے 76 پیسے فی لیٹر ہے۔ اسی طرح مٹی کے تیل کی نئی قیمت 80 روپے اور لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت 77 روپے 65 پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے۔
اس سے قبل یکم اپریل کو بھی حکومت نے پیٹرول 1 روپے 55 پیسے اور ڈیزل 3 روپے فی لیٹر سستا کرنے کا اعلان کیا تھا۔ یکم اپریل کے 15 روز بعد ہی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک مرتبہ پھر کمی کردی گئی ہے جس کے مطابق رواں ماہ پیٹرول کی قیمت مجموعی طور پر 3 روپے 34 پیسے کم ہوئی ہے۔