مالی سال 2020-21 میں اقتصادی میدان میں کیا کھویا کیا پایا؟

4 جون کو اوپن مارکیٹ میں ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی روپیہ 6.8 فیصد اضافے سے 155.20 روپے پر بند ہوا۔

پاکستان نے مالی سال 2020-21 کے دوران کاروباری میدانوں میں بڑی کامیابیاں حاصل کی ہیں۔

نیوز 360 کو دستیاب دستاویزات کے مطابق جولائی 2020 سے شروع ہونے والے مالی سال کے آخری ماہ 4 جون 2021 کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں 100 انڈیکس 40 فیصد اضافے کے ساتھ 48 ہزار 212 پوائنٹس پر بند ہوا۔ جبکہ پاکستانی روپیہ ڈالر کے مقابلے میں انٹربینک میں 8 فیصد بہتری کے ساتھ 154.60 روپے پر بند ہوا۔

مالی سال 2020-21 میں 4 جون کو یورو 50 پیسے اضافے سے 188 روپے جبکہ برطانوی پاؤنڈ 11 روپے کمی کے ساتھ 208.50 روپے پر بند ہوا۔

عالمی منڈی میں مالی سال 2020-21 میں امریکی خام تیل کی قیمت 76 فیصد اضافے کے ساتھ 69.24 ڈالرز فی بیرل ریکارڈ کی گئی جبکہ اسی عرصے کے دوران برینٹ کروڈ آئل کی قیمت 74 فیصد اضافے کے ساتھ 71.23 ڈالرز ریکارڈ کی گئی۔ دوسری جانب اسی مدت کے دوران کوئلے کی قیمت 105 فیصد اضافے کے ساتھ 113 ڈالرز فی ٹن ریکارڈ کی گئی۔

عالمی منڈی میں اسی عرصے کے دوران کپاس کی قیمت 35 فیصد اضافے کے ساتھ 91 سینٹ فی پاؤنڈ ریکارڈ کی گئی۔ جبکہ گیس کی قیمت 76 فیصد اضافے کے ساتھ 3.01 ڈالرز فی میٹرک ملین برٹش تھرمل یونٹ (ایم ایم بی ٹی یو) ریکارڈ کی گئی۔

اسی عرصے کے دوران عالمی منڈی میں سونے کی قیمت 5.6 فیصد اضافے کے ساتھ 1 ہزار 880 ڈالرز فی اونس ریکارڈ کی گئی۔ پاکستان میں فی تولہ سونے کی قیمت 6 ہزار 950 روپے اضافے کے ساتھ 1 لاکھ 12 ہزار 150 روپے ریکارڈ کی گئی۔ جبکہ 10 گرام سونے کی قیمت 5 ہزار 958 روپے اضافے کے ساتھ 96 ہزار 150 روپے ریکارڈ کی گئی۔

متعلقہ تحاریر