آئندہ مالی سال کے ترقیاتی بجٹ کی تفصیلات

وفاقی حکومت نے آئندہ مالی 2021-22 کے لیے عوامی ترقیاتی منصوبوں کے لیے 900 ارب روپے مختص کیے ہیں۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی وفاقی حکومت نے آئندہ مالی سال 2021-22 کے ترقیاتی بجٹ میں پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام (پی ایس ڈی پی) کے لیے 900 ارب روپے مختص کردیے ہیں۔ نیوز 360 کو موصول دستاویز کے مطابق وفاقی وزارتوں کو جاری اور آئندہ مالی سال کے ترقیاتی منصوبے کے لیے 672 ارب روپے کا ترقیاتی بجٹ ملے گا۔

نیوز 360 کو موصول دستاویز کے مطابق مالی سال 2021-22 میں آبی وسائل کے لیے 110 ارب روپے، نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) کے لیے 113 ارب اور پیپکو کے لیے 53 ارب روپے سے زیادہ کا ترقیاتی بجٹ رکھا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیے

آئندہ مالی سال کے لیے ترقیاتی بجٹ 900 ارب روپے مختص

پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت ایمرجنسی و دیگر قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے 60 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔ ہایئر ایجوکیشن کمیشن کے لیے 37 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں جبکہ ہاؤسنگ و تعمیرات کے لیے 14 ارب 94 کروڑ روپے جاری کیے جائیں گے۔

مالی سال 2021-22 بجٹ

پی ایس ڈی پی کے تحت وزارت اطلاعات و نشریات کو 1 ارب 84 کروڑ روپے اور وزارت داخلہ کے لیے ترقیاتی بجٹ 22 ارب روپے مقرر کیا گیا ہے۔

نیوز 360 کو موصول دستاویزات کے مطابق امورِ کشمیر اور گلگت بلتستان کے لیے 61 ارب روپے اور وزارت قانون و انصاف کے لیے 6 ارب روپے کا ترقیاتی بجٹ رکھا گیا ہے۔

مالی سال 2021-22 بجٹ

آئندہ مالی سال 2021-22 میں وزارت نیشنل ہیلتھ سروسز (این ایچ ایس) کے لیے 22 ارب 82 کروڑ روپے اور پیٹرولیم ڈویژن کو 3 ارب 7 کروڑ روپے کا ترقیاتی بجٹ ملے گا۔ ریلوے ڈویژن کے لیے 30 ارب روپے کا ترقیاتی بجٹ مقرر کیا گیا ہے۔ سائنس و ٹیکنالوجی کے لیے 8 ارب 11 کروڑ روپے اور آئندہ مالی سال میں کابینہ ڈویژن کو 56 ارب 2 کروڑ روپے ملیں گے۔

موسمیاتی تبدیلی کو 14 ارب روپے اور وزارت خزانہ کو آئندہ مالی سال کے ترقیاتی بجٹ میں سے 94 ارب روپے کا بجٹ ملے گا۔

واضح رہے کہ مالی سال 2020-21 میں پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام کے لیے 650 ارب روپے مختص کیے گئے تھے جس میں رواں مالی سال کے لیے 250 ارب روپے کا اضافہ کردیا گیا ہے۔ اس طرح 38 فیصد اضافے کے ساتھ رواں مالی سال کا بجٹ 900 ارب روپے ہوگیا ہے۔

متعلقہ تحاریر