پنجاب کا بجٹ عوام کو ریلیف فراہم کرنے میں ناکام؟

شہریوں کا کہنا ہے کہ پنجاب کا بجٹ عوام دوست نہیں ہے۔

پنجاب کے وزیر خزانہ مخدوم ہاشم جواں نے آئندہ مالی سال 2021-22 کا بجٹ پیش کردیا۔ عوام اور حزب اختلاف کی جماعتیں پنجاب کے بجٹ سے مطمئن دکھائی نہیں دیتی ہیں۔

پنجاب کے بجٹ کا کل حجم 26 کھرب 53 ارب روپے مختص کیا گیا ہے۔ صوبائی وزیر خزانہ کے مطابق پنجاب کے سالانہ بجٹ میں عوام پر کوئی نیا ٹیکس نہیں لگایا گیا جبکہ پہلے سے 9 سروسز پرعائد ٹیکس کی شرح بھی کم کی گئی ہے۔ بجٹ میں کرونا سے متاثرہ تاجروں کے لیے 40 ارب روپے کے ریلیف پیکج کی تجویز دی گئی ہے۔ خصوصی اقدامات کے لیے 91 ارب 41 کروڑ روپے اور انصاف آفٹر نون پروگرام کے لیے ساڑھے 6 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔

جنوبی پنجاب کے لیے کُل بجٹ کا 35 فیصد خرچ کیا جائے گا۔ مختلف اضلاع میں 19 نئی جامعات کے لیے ایک ارب 54 کروڑ مختص کیے گئے ہیں۔ صحت کے شعبے کے لیے 98 ارب روپے رکھے گئے ہیں جن میں سے 60 ارب روپے پسماندہ علاقوں کے شہریوں کو صحت کی سہولیات کی فراہمی پر خرچ کیے جائیں گے۔ لاہور میں 14 ارب روپے کی لاگت سے ایک ہزار بستر پر مشتمل اسپتال بنایا جائے گا۔ 

پنجاب کے بجٹ سے عوام ناراض

بجٹ کے بعد اگر کسی کی رائے سب سے زیادہ اہمیت رکھتی ہے تو وہ صرف عوام کی رائے ہے لیکن پنجاب کے بجٹ سے عوام مطمئن دکھائی نہیں دیتے ہیں۔

نیوز 360 سے گفتگو میں تاجروں اور عوام نے بجٹ سے متعلق اپنی رائے کا اظہار کیا ہے۔ تاجروں کا کہنا ہے کہ بجٹ عوام دوست نہیں ہے۔ آٹا، چینی اور گھی کی قیمتوں میں کوئی کمی نہیں کی گئی ہے۔ پنجاب کے دیگر شہریوں کا بھی یہی خیال ہے کہ بجٹ سے مہنگائی قابو میں نہیں آئے گی۔

بجٹ پر ایوان میں احتجاج اور حزب اختلاف کا موقف

ایوان میں بجٹ تقریر کے دوران حزب اختلاف کی جماعتوں نے بھرپور احتجاج کیا۔ پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز نے بجٹ کو عوام دشمن قرار دیتے ہوئے کہا کہ بجٹ میں شہریوں کو کوئی ریلیف نہیں دیا گیا ہے۔ حمزہ شہباز نے تنخواہوں میں 10 کے بجائے 20 فیصد اضافے کا مطالبہ کیا۔

حکومتی اراکین اسمبلی کی بجٹ پر آراء

وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے بجٹ کو تاریخی بجٹ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن کا احتجاج نامناسب ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کے مطابق پچھلی حکومت پنجاب کو 1200 ارب روپے قرضے کے دلدل میں دھنسا کرگئی ہے۔ دیگر حکومتی اراکین نے بھی پنجاب حکومت کے بجٹ کو عوام دوست بجٹ قرار دیا۔

متعلقہ تحاریر